واشنگٹن(ایجنسیاں) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے غیر قانونی طور پر مقیم تارکینِ وطن کیلئے کرسمس کے موقع پر ایک خصوصی پیشکش کا اعلان کیا ہے۔ امریکی محکمۂ ہوم لینڈ سیکیورٹی (DHS) کے مطابق جو افراد رضا کارانہ طور پر سال کے اختتام سے پہلے امریکا چھوڑ دیں گے، انہیں 3 ہزار امریکی ڈالر (تقریباً 8 لاکھ 37 ہزار روپے) اور مفت فضائی سفر فراہم کیا جائے گا۔
DHS کے بیان میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی تارکینِ وطن جو سی بی پی ہوم ایپ کے ذریعے خود واپسی کے لیے رجسٹریشن کروائیں گے، انہیں رقم کے ساتھ ملک واپسی کے لیے مفت ٹکٹ دیا جائے گا، اور ممکنہ شہری جرمانے یا سزائیں بھی معاف کی جائیں گی۔
یہ پیشکش مئی میں اعلان کی گئی ایک ہزار ڈالر کی اسکیم سے تین گنا زیادہ ہے۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد چھٹیوں کے موسم میں رضا کارانہ واپسی کے عمل کو تیز کرنا اور نفاذ کے اخراجات کو کم کرنا ہے۔
ڈی ایچ ایس نے کہا کہ سی بی پی ہوم ایپ کے ذریعے خود واپسی ایک آسان، مفت اور محفوظ عمل ہے جس میں حکومت سفر کے تمام انتظامات کرے گی۔ تاہم، جو افراد اس پیشکش سے فائدہ نہیں اٹھائیں گے، ان کے لیے گرفتاری اور جبری ملک بدری کا واحد راستہ باقی رہے گا اور مستقبل میں امریکا واپسی پر پابندی ہوگی۔
امریکی وزیرِ داخلہ کرسٹی نوم نے غیر قانونی تارکینِ وطن سے اپیل کی ہے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں، بصورت دیگر حکومت انہیں تلاش کرکے گرفتار کرے گی۔

