امریکا مزید ایران و اسرائیل کے تنازعے میں نہ الجھے:عمان کی اپیل

مسقط، عمان ( عمانی وزارت خارجہ) عمان، جو امریکا اور ایران کے درمیان جوہری مذاکرات کروا رہا ہے، نے ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں کے بعد امریکا سے اپیل کی ہے کہ وہ مزید اس تنازعے میں نہ الجھے کیونکہ یہ امریکا کی جنگ نہیں ہے۔عمانی وزیر خارجہ بدر البو سعیدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ آج کے حملوں پر بہت افسردگی اور پریشانی ہے، اور فعال و سنجیدہ مذاکرات کو ایک بار پھر نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ حملے نہ امریکا کے مفادات کے لیے مفید ہیں اور نہ ہی عالمی امن کے لیے، اور وہ ان معصوم لوگوں کے لیے دعا گو ہیں جو اس کا خمیازہ بھگتیں گے۔بدر البو سعیدی نے کہا کہ امریکا سے اپیل ہے کہ وہ مزید اس میں نہ الجھے، یہ آپ کی جنگ نہیں ہے۔

یاد رہے کہ امریکا اور اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں تہران، اصفہان، قم، کرج، کرمان شاہ، لرستان اور تبریز میں دھماکے ہوئے۔ ایرانی صدارتی محل اور سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے کمپاؤنڈ کے قریب سات میزائل گرے۔

ذرائع کے مطابق حملوں میں متعدد ایرانی پاسداران انقلاب گارڈز کے سینئر کمانڈرز اور سیاسی حکام جاں بحق ہوئے، جبکہ صدر مسعود پزشکیان محفوظ رہے اور آیت اللہ خامنہ ای کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔