انڈیانا(ایجنسیاں)امریکی ریاست انڈیانا میں دو بھارتی نژاد ٹرک ڈرائیورز کو 309 پونڈ (تقریباً 140 کلوگرام) کوکین اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا، برآمد کی گئی منشیات کی مالیت تقریباً 70 لاکھ ڈالر بتائی جارہی ہے۔
امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کے مطابق اتنی بڑی مقدار میں منشیات ایک لاکھ 13 ہزار سے زائد افراد کی جان لے سکتی تھیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ کارروائی ہفتے کے روز ہائی وے انسپیکشن کے دوران عمل میں آئی، جب پولیس نے ایک سیمی ٹرک کو تلاشی کے لیے روکا۔
منشیات سونگھنے والے کتے نے ٹرک کے سلیپر برتھ میں منشیات کی موجودگی کی نشاندہی کی، جس پر اہلکاروں نے کمبل سے ڈھکے ہوئے گتے کے متعدد ڈبے برآمد کیے، جن میں کوکین چھپائی گئی تھی۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے جیل منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ ان کے خلاف منشیات کی اسمگلنگ کے سنگین فوجداری مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور ڈی پورٹیشن ہولڈ بھی عائد کردیا گیا ہے۔

