امریکا نے جنوبی کوریا میں نصب تھاڈ دفاعی سسٹم کا سامان مشرق وسطیٰ منتقل کردیا

سیول( جنوبی کوریائی میڈیا، عالمی خبر رساں ادارے)امریکا نے جنوبی کوریا میں نصب جدید میزائل دفاعی نظام تھاڈ کا سامان مشرق وسطیٰ منتقل کرنا شروع کردیا ہے۔جنوبی کوریا کے سرکاری میڈیا کے مطابق دفاعی نظام کی منتقلی کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں امریکی فوجی سامان کی منتقلی دکھائی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی فوجی کارگو طیاروں کے ذریعے جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول کے جنوب میں واقع پیونگٹائیک شہر کے اوسان ایئر بیس سے دفاعی سامان منتقل کیا گیا۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اس عمل کے دوران متعدد امریکی فوجیوں کو بھی جنوبی کوریا سے مشرق وسطیٰ منتقل کیا گیا ہے۔میڈیا کے مطابق تھاڈ دفاعی نظام جنوبی کوریا میں شمالی کوریا کے ممکنہ میزائل خطرات سے بچاؤ کیلئےنصب کیا گیا تھا۔