امریکا نے حملہ کیا تو خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا جائے گا:ایران

تہران(ایجنسیاں)سینئر ایرانی اہلکار نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے ایران پر حملہ کیا تو خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔ خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر ایرانی اہلکار نے کہا کہ ایران نے مشرقِ وسطیٰ میں امریکی اتحادی ممالک کو پیغام دے دیا ہے، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور ترکیہ سمیت خطے کے ممالک کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

سینئر ایرانی اہلکار کے مطابق ان ممالک کو واضح طور پر بتایا گیا ہے کہ اگر امریکا نے حملہ کیا تو ان کی سرزمین پر موجود امریکی فوجی اڈے بھی ایرانی ردعمل کی زد میں آئیں گے۔

اس سے قبل ایرانی پاسدارانِ انقلاب گارڈز کے ایرواسپیس کمانڈر موسوی نے کہا تھا کہ ایران کسی بھی حملے کے جواب کے لیے اعلیٰ ترین سطح پر تیار ہے اور جون کے بعد سے ایران کے میزائل ذخیرے میں اضافہ ہوا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران سے متعلق بیان پر چین نے ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کسی بھی ملک کے داخلی معاملات میں بیرونی مداخلت کی مخالفت کرتا ہے اور بین الاقوامی تعلقات میں طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی کو تسلیم نہیں کرتا۔

گزشتہ روز سوشل میڈیا پر جاری بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایرانی محب وطن احتجاج جاری رکھیں اور اپنے اداروں کا کنٹرول سنبھالیں۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مظاہرین کے قاتلوں اور ظالموں کے نام محفوظ رکھے جائیں، انہیں بھاری قیمت چکانا ہوگی۔

ادھر ایران میں بھارتی سفارتخانے نے اپنے تمام شہریوں کو ایران چھوڑنے کی ہدایت کر دی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سفارتخانے نے بھارتی شہریوں بشمول طلبہ، زائرین، تاجروں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دستیاب ذرائع کے ذریعے ایران سے روانہ ہو جائیں۔