امریکا نے کالعدم بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا

واشنگٹن (نمائندہ خصوصی) امریکی محکمہ خارجہ نے کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور اس کے ذیلی گروپ مجید بریگیڈ کو باضابطہ طور پر غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کر دیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بی ایل اے کو 2019 میں خصوصی طور پر نامزد عالمی دہشت گرد قرار دیا گیا تھا، اور اب اس کے ذیلی گروپ مجید بریگیڈ کو بھی اسی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ ٹرمپ انتظامیہ دہشت گردی کی روک تھام اور عالمی امن و سلامتی کیلئے اپنے عزم پر قائم ہے۔بی ایل اے پر 2024 میں کراچی ایئرپورٹ اور گوادر میں خودکش حملوں کی ذمہ داری قبول کرنے کا الزام ہے، جبکہ 2025 میں اس تنظیم نے جعفر ایکسپریس ہائی جیکنگ کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی۔

جعفر ایکسپریس ہائی جیکنگ کے دوران 31 افراد جاں بحق اور 300 سے زائد یرغمال بنائے گئے تھے، جو پاکستان کی تاریخ کے سنگین ترین دہشت گرد حملوں میں شمار کیا جاتا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یہ فیصلہ نیٹ ورکس کو کمزور کرنے، ان کی مالی معاونت کو روکنے اور عالمی سطح پر سلامتی کو یقینی بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں