گلینڈیل، ایریزونا(گارڈین)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی اور قدامت پسند تنظیم ’ٹرننگ پوائنٹ یو ایس اے‘ کے مقتول سی ای او 31 سالہ چارلی کرک کی بیوہ، ایریکا کرک، نے عوامی یادگاری تقریب میں اپنے شوہر کے قاتل کو معاف کرنے کا اعلان کیا۔
ایریکا کرک نے خطاب میں کہا کہ ان کے شوہر کا مقصد نوجوانوں کو بچانا تھا، اور وہ اس نوجوان کو معاف کرتی ہیں جس نے ان کی جان لی، کیونکہ مسیح اور چارلی دونوں بھی یہی کرتے۔ خطاب کے دوران حاضرین نے تالیاں بجا کر ان کا حوصلہ بڑھایا۔
استغاثہ کے مطابق 22 سالہ ٹائلر رابنسن نے 10 ستمبر کو یوٹاہ ویلی یونیورسٹی میں فائرنگ کر کے چارلی کرک کو قتل کیا، اور جرم ثابت ہونے پر اسے سزائے موت کا سامنا ہو سکتا ہے۔ ایریکا کرک نے کہا کہ وہ نہیں چاہتیں کہ اس کے ہاتھ قاتل کے خون سے داغدار ہوں اور انہوں نے حکومت پر چھوڑ دیا کہ سزا کا فیصلہ کرے۔
اسٹیڈیم میں ایرکا کرک نے اعلان کیا کہ وہ ’ٹرننگ پوائنٹ یو ایس اے‘ کی نئی سربراہ کے طور پر اپنے شوہر کا مشن آگے بڑھائیں گی اور نفرت کا جواب نفرت سے نہیں بلکہ محبت سے دینا ہوگا۔
چارلی کرک کی ہلاکت نے امریکی سیاسی مباحثے کو تیز کیا، جس میں الفاظ کی طاقت، آزادی اظہار، اور بڑھتی ہوئی شدت پسندی کے مسائل زیر بحث آئے۔ متعدد قدامت پسند رہنماؤں نے اس قتل کا الزام بائیں بازو پر لگایا، جبکہ صدر ٹرمپ نے ایریکا کرک سے اظہار افسوس کیا۔نائب صدر جے ڈی وینس بھی شریک تھے۔

