واشنگٹن(ایجنسیاں)امریکا اور بھارت کے درمیان تجارتی معاہدے پر اتفاق ہو گیا ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر عائد ٹیرف میں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ٹیلی فونک گفتگو کے بعد سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ساتھ تجارتی معاہدہ طے پا گیا ہے جو فوری طور پر نافذ العمل ہو گا۔
صدر ٹرمپ کے مطابق روسی تیل کی خریداری روکنے اور امریکا و وینزویلا سے تیل کی خریداری میں اضافے پر بھی دونوں ممالک کے درمیان اتفاق ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مودی کی درخواست اور ان کے ساتھ دوستی و احترام کے پیش نظر امریکا اور بھارت کے درمیان تجارتی معاہدے پر رضامندی ہوئی ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ بھارت پر عائد باہمی ٹیرف 25 فیصد سے کم کر کے 18 فیصد کر دیا جائیگا،مودی نے 500 ارب ڈالر سے زائد مالیت کی امریکی توانائی، ٹیکنالوجی، زرعی اور دیگر مصنوعات خریدنے کا عہد بھی کیا ہے۔
دوسری جانب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ٹیرف میں کمی پر امریکی صدر کا شکریہ ادا کیا ہے، سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارتی مصنوعات پر ٹیرف کم کر کے 18 فیصد کیے جانے پر خوشی ہے اور اس شاندار اعلان پر بھارتی عوام کی جانب سے بھی صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا جاتا ہے۔

