واشنگٹن( ایجنسیاں)امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان سمیت 75 ممالک کے شہریوں کیلئےامیگرنٹ ویزا پراسیس روکنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کا اطلاق 21 جنوری سے ہوگا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے بدھ کے روز اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امیگرنٹس امریکی عوام کے ٹیکسوں کی رقم سے استفادہ کرتے تھے۔
امریکی میڈیا کے مطابق متاثرہ ممالک میں صومالیہ، روس، ایران، افغانستان، برازیل، نائجیریا، تھائی لینڈ، عراق، اردن، قازقستان، کویت، کرغزستان، لبنان، لیبیا، نیپال، کانگو، روانڈا، سوڈان، شام، تنزانیہ اور ازبکستان شامل ہیں، جبکہ پاکستان، افغانستان، روس اور ایران کے لیے بھی امیگرنٹ ویزا پراسیس روک دیا گیا ہے۔
اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے میمو میں امریکی سفارت خانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ طریقہ کار کے ازسرِ نو جائزے تک امیگرنٹ ویزا درخواستیں مسترد کی جائیں۔ ذرائع کے مطابق یہ اقدام وسیع پیمانے پر امیگریشن کریک ڈاؤن کے تناظر میں سامنے آیا ہے، جسے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دوبارہ عہدہ سنبھالنے کے بعد مزید تیز کیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل نومبر میں صدر ٹرمپ نے تیسری دنیا کے ممالک سے ہجرت مستقل طور پر روکنے کا اعلان کیا تھا۔ یہ اقدام ایک افغان شہری کی جانب سے فائرنگ کے واقعے کے بعد سامنے آیا تھا، جس میں نیشنل گارڈ کا ایک رکن ہلاک ہو گیا تھا۔

