ایٹلانٹا (ایجنسیاں)امریکا کی ایموری یونیورسٹی نے ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے اعلیٰ عہدیدار علی لاریجانی کی بیٹی ڈاکٹر فاطمہ اردشیر لاریجانی کو برطرف کر دیا ہے۔ ڈاکٹر فاطمہ اردشیر لاریجانی ایموری یونیورسٹی میڈیکل اسکول کے ہیماٹولوجی اور آنکولوجی ڈیپارٹمنٹ میں اسسٹنٹ پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں، لیکن اب ان کا پروفائل فیکلٹی کی ویب سائٹ سے ہٹا دیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ڈاکٹر فاطمہ اردشیر لاریجانی کو اس ہفتے برطرف کیا گیا، جس کے بعد یونیورسٹی کی ڈین، ساندرا وونگ نے 24 جنوری کے ای میل میں تمام فیکلٹی ممبران کو مطلع کیا کہ وہ یونیورسٹی میں اب ملازم نہیں ہیں۔ وِن شپ کینسر انسٹی ٹیوٹ نے بھی تصدیق کی کہ ایک ایرانی حکومت کے اعلیٰ اہلکار کی بیٹی اب یونیورسٹی کی ملازم نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ 19 جنوری کو ایموری یونیورسٹی کے باہر درجنوں ایرانی نژاد امریکیوں نے احتجاج کیا تھا اور ایران میں مظاہروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے تناظر میں ڈاکٹر فاطمہ اردشیر لاریجانی کی برطرفی کا مطالبہ کیا تھا۔

