’’امریکا کے ساتھ کشیدگی پر قابو پانے کی کوشش کریں گے‘‘ :ایرانی وزیر خارجہ کا حیران کن بیان

تہران: ایران کی نئی حکومت امریکا کے ساتھ تعلقات نئے سرے سے استوار کرنے کی کوشش کرتی نظر آ رہی ہے، ایران کے وزیر خارجہ نے ایک اہم بیان میں کہا ہے کہ ’’امریکا کے ساتھ کشیدگی پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔‘‘
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کے نئے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے واشنگٹن کے ساتھ تناؤ کم کرنے اور ایران پر لگی عالمی پابندیوں میں سہولت کے حصول کے لیے معاملات کو قابو کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔عباس عراقچی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہمیں تہران اور واشنگٹن کے درمیان تناؤ اور دشمنی کو سنبھالنا ہوگا، تاکہ ایران پر دباؤ کم ہو اور سخت پابندیاں ختم کرنے میں مدد مل سکے۔انھوں نے کہا ہماری خارجہ پالیسی ہے کہ دشمنی کو ختم کر کے عوام پر اس کا دباؤ کم کریں، انھوں نے مزید کہا خارجہ پالیسی میں ہمسایہ ممالک، افریقی ممالک، روس اور چین سمیت دیگر ملکوں کو ترجیح دی جائے گی۔
یورپی ملکوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ یورپی ممالک صرف اس وقت ترجیح بنیں گے جب وہ اپنی غلط اور مخالفانہ پالیسیوں سے دست بردار ہوں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں