امریکا کے عالمی شہرت یافتہ اور ہر دلعزیز جج فرینک کیپریو انتقال کر گئے

واشنگٹن/روڈ آئی لینڈ (نیوز ڈیسک) — امریکا کے عالمی شہرت یافتہ اور ہر دلعزیز جج فرینک کیپریو 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ طویل عرصے سے لبلبے کے کینسر میں مبتلا تھے۔خاندانی ذرائع اور ان کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ جج کیپریو کینسر سے ایک طویل جنگ کے بعد اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔

انتقال سے کچھ عرصہ قبل، اسپتال میں بسترِ مرگ سے انہوں نے اپنے چاہنے والوں سے اپیل کی تھی کہ ان کے لیے دعا کریں۔ ان کی یہ ویڈیو اپیل دنیا بھر میں لاکھوں افراد نے دیکھی اور ان کے مداحوں نے ان کے حق میں نیک تمناؤں کا اظہار کیا تھا۔

فرینک کیپریو نے روڈ آئی لینڈ میں اپنی عدالت کے ذریعے عالمی شہرت حاصل کی۔ ان کے مقدمات کی کارروائی سوشل میڈیا پر نشر کی جاتی تھی، جس میں ان کے رحمدلانہ، ہمدردانہ اور متاثر کن فیصلے دنیا بھر کے لوگوں کو بہت بھا گئے۔ اسی وجہ سے انہیں امریکا سمیت مختلف ممالک میں بے حد مقبولیت ملی۔

ان کے انتقال پر امریکا سمیت دنیا بھر میں دکھ اور غم کی فضا پھیل گئی ہے اور مداح انہیں ایک ایسے جج کے طور پر یاد کر رہے ہیں جنہوں نے قانون کو صرف سزا کا ذریعہ نہیں بلکہ انصاف اور انسانیت کی علامت بنا دیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں