امریکا-گرین لینڈ تنازع: ڈونلڈ ٹرمپ کا ڈنمارک پر روسی خطرے سے نمٹنے میں ناکامی کا الزام

واشنگٹن(نمائندہ خصوصی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الزام عائد کیا ہے کہ ڈنمارک گرین لینڈ میں روسی خطرے کو دور کرنے میں ناکام رہا ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ امریکا اس معاملے میں فیصلہ کن قدم اٹھائے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ نیٹو گزشتہ 20 سال سے ڈنمارک کو گرین لینڈ میں روسی سرگرمیوں کے حوالے سے خبردار کرتا آ رہا ہے، لیکن ڈنمارک اس خطرے کو ختم کرنے میں ناکام رہا۔ انہوں نے مزید کہا، “اب وقت آ گیا ہے، اور یہ اب ہو کر رہے گا۔”

واضح رہے کہ گرین لینڈ ڈنمارک کا خودمختار علاقہ ہے، اور ڈنمارک و گرین لینڈ کی قیادت نے واضح کر دیا ہے کہ گرین لینڈ فروخت کے لیے نہیں ہے اور نہ ہی امریکا کا حصہ بننا چاہتا ہے۔

صدر ٹرمپ نے امریکا کی گرین لینڈ پر قبضے کی حمایت نہ کرنے پر یورپی اتحادیوں کو اضافی ٹیرف کی دھمکی بھی دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ چین اور روس کی بڑھتی ہوئی موجودگی کے پیشِ نظر گرین لینڈ امریکا کی سلامتی کیلئےانتہائی اہم ہے، جبکہ یورپی حکام کے مطابق گرین لینڈ پہلے ہی نیٹو کے اجتماعی دفاعی معاہدے کے تحت محفوظ ہے۔