(ٹینیسی، رائٹرز/اے ایف پی)امریکی ریاست ٹینیسی کے علاقے بک اسنورٹ (Bucksnort) میں بارودی مواد تیار کرنے والی فیکٹری میں زوردار دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک یا لاپتا ہوگئے۔
عالمی خبر رساں اداروں رائٹرز اور اے ایف پی کے مطابق دھماکا ہک مین کاؤنٹی (Hickman County) میں واقع کمپنی “Accurate Energetic Systems” میں ہوا، جو فوجی، فضائیہ اور تجارتی استعمال کے لیے دھماکا خیز مواد تیار کرتی ہے۔
مقامی حکام کے مطابق دھماکے کے بعد امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور قریبی آبادی کو علاقے سے دور رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی۔
ہک مین کاؤنٹی کے شیرف کے دفتر نے اپنے فیس بک بیان میں تصدیق کی کہ“بک اسنورٹ کے علاقے میں ایکیوریٹ انرجیٹک سسٹمز میں دھماکا ہوا ہے، ایمرجنسی سروسز موقع پر موجود ہیں اور صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہیں۔”
ہک مین کاؤنٹی کے میئر جم بیٹس نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ وہ فی الحال ہلاکتوں یا دھماکے کی وجوہات کی باضابطہ تصدیق نہیں کر سکتے۔
تاہم ہمفریز کاؤنٹی کے شیرف کرس ڈیوس نے سی این این سے گفتگو میں کہا کہ“یہ ایک انتہائی تباہ کن دھماکا تھا، جس میں کچھ افراد ہلاک ہوئے ہیں اور کئی اب بھی لاپتا ہیں۔ ہم ان کے اہلِ خانہ کو اطلاع دینے کے بعد تفصیلات جاری کریں گے۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ علاقے کو محفوظ قرار دے دیا گیا ہے، تاہم فیکٹری میں مزید چھوٹے دھماکوں کا خدشہ اب بھی موجود ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ پلانٹ 1980 میں قائم ہوا تھا اور 1,300 ایکڑ پر پھیلے رقبے میں آٹھ پیداواری عمارتیں اور ایک معیاری جانچ لیبارٹری شامل ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ فوجی اور صنعتی سطح پر استعمال ہونے والا بارودی مواد تیار کرتی ہے۔
واضح رہے کہ 2014 میں اسی فیکٹری میں ایک چھوٹا دھماکا ہوا تھا جس میں ایک شخص ہلاک اور تین زخمی ہوئے تھے۔ تاہم حکام کے مطابق پلانٹ کا عمومی طور پر حفاظتی مسائل کا کوئی ماضی نہیں رہا۔کمپنی نے اے ایف پی کی جانب سے تبصرے کی درخواست کا فی الحال کوئی جواب نہیں دیا۔

