امریکی طیارہ بردار جہاز ابراہم لنکن میدان جنگ سےواپس: ایران کا دعویٰ

تہران (ایجنسیاں) ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کا طیارہ بردار بحری جہاز ابراہم لنکن میدان جنگ سے پیچھے ہٹ گیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ ابراہم لنکن ایرانی میزائلوں اور ڈرونز کے ابتدائی حملے کے بعد ہی پیچھے ہٹ گیا۔ انہوں نے کہا کہ جس بحری بیڑے کو امریکی اتحادیوں کا دفاع کرنا تھا وہ اپنا دفاع بھی نہ کرسکا۔

محمد باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ امریکا کے اتحادی اپنی سلامتی کو ڈونلڈ ٹرمپ اور بنیامین نیتن یاہو کے جھوٹ کی نذر نہ کریں۔ادھر امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد جنگ ساتویں روز میں داخل ہوگئی ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ایران میں امریکا اسرائیل جنگ کے دوران اب تک شہداء کی تعداد ایک ہزار 332 تک پہنچ گئی ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی شہر شیراز میں امریکا اور اسرائیل کے حملے میں 20 افراد شہید ہوگئے، حملے میں شہر کے رہائشی علاقے کو نشانہ بنایا گیا۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ رات بھر کی کارروائیوں کے دوران 6 ایرانی بیلسٹک میزائل لانچرز تباہ کردیے گئے جبکہ حالیہ حملوں میں 3 جدید ایرانی دفاعی نظام بھی تباہ کیے گئے ہیں۔دوسری جانب ایرانی پاسداران انقلاب گارڈز نے دعویٰ کیا ہے کہ اصفہان میں اسرائیلی ڈرون ہیرون مار گرایا گیا جبکہ لورستان میں امریکی ڈرون ایم کیو 9 اور تہران کے نواح میں ہرمس ڈرون کو بھی تباہ کردیا گیا۔