اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک)پاکستان میں تعینات امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے پاکستانی قوم اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو مبارکباد پیش کی ہے۔اسلام آباد میں پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کے مالکان اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نیٹلی بیکر نے کہا کہ پاکستانی قوم اور پی ایس ایل کو مبارکباد پیش کرتی ہوں اور بطور امریکی نمائندہ انہیں خوشی محسوس ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری ہو رہی ہے، پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ ملے گا۔
اس موقع پر لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف رانا نے کہا کہ پی ایس ایل کی کامیابی چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور چیف ایگزیکٹو پی ایس ایل سلمان نصیر کی وجہ سے ہے، محسن نقوی نے اسٹیڈیمز کی تعمیر اور گراس روٹ کرکٹ پر بھرپور کام کیا۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل کی ساتویں ٹیم ایف کے ایس نے 175 کروڑ جبکہ آٹھویں ٹیم او زی ڈویلپرز نے 185 کروڑ روپے میں خریدی ہے، ٹیموں کے نام بالترتیب حیدرآباد اور سیالکوٹ رکھے گئے ہیں۔
حیدرآباد اور سیالکوٹ کی فرنچائزز شامل ہونے کے بعد پاکستان سپر لیگ کے سیزن الیون میں اب آٹھ ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی، جبکہ پی ایس ایل کا آغاز 26 مارچ سے ہوگا۔پی ایس ایل کی ساتویں اور آٹھویں ٹیم مجموعی طور پر 3 ارب 60 کروڑ روپے میں فروخت ہوئی ہیں۔

