امریکی ٹیرف: 25 ممالک کا امریکا کو پارسل بھیجنے کی خدمات معطل کرنے کا اعلان

واشنگٹن (اے ایف پی) صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مجوزہ محصولات کے اثرات پر خدشات بڑھنے کے بعد 25 ممالک نے امریکا کو پارسل بھیجنے کی خدمات معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

گزشتہ ماہ کے آخر میں ٹرمپ انتظامیہ نے اعلان کیا تھا کہ 29 اگست سے امریکا میں داخل ہونے والے چھوٹے پارسلز پر ٹیکس کی چھوٹ ختم کر دی جائے گی۔ اس فیصلے کے بعد کئی ممالک کی ڈاک خدمات—جن میں فرانس، برطانیہ، جرمنی، اٹلی، بھارت، آسٹریلیا اور جاپان شامل ہیں—نے واضح کیا کہ اب امریکا جانے والے زیادہ تر پارسل قبول نہیں کیے جائیں گے۔

اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیورسل پوسٹل یونین (یو پی یو) کے مطابق، اسے 25 رکن ممالک نے باضابطہ اطلاع دی ہے کہ ان کے ڈاک آپریٹرز نے امریکا کیلئے ڈاک خدمات معطل کر دی ہیں کیونکہ ٹرانزٹ خدمات سے متعلق غیر یقینی صورتحال موجود ہے۔

یو پی یو نے کہا کہ یہ معطلی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک امریکی حکام اپنے مجوزہ اقدامات کو نافذ کرنے کا طریقہ کار واضح نہیں کرتے۔ تاہم ادارے نے ان ممالک کی تفصیلی فہرست فراہم نہیں کی جن سے انہیں یہ اطلاع موصول ہوئی ہے۔

یونیورسل پوسٹل یونین کا قیام 1874 میں عمل میں آیا تھا اور اس کے 192 رکن ممالک ہیں۔ ادارے نے خبردار کیا ہے کہ امریکا کے یہ نئے اقدامات دنیا بھر کے ڈاک آپریٹرز کیلئے”نمایاں عملی تبدیلیوں” کا باعث بن سکتے ہیں، جس سے بین الاقوامی ترسیلات اور تجارتی روابط متاثر ہوں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں