امریکی ٹیک فرم کےسی ای او کا راز فاش، ایچ آر ہیڈ کے ساتھ ویڈیو وائرل

نیویارک(بی بی سی، دی انڈیپنڈنٹ، واشنگٹن پوسٹ)معروف امریکی ٹیک فرم کے سی ای او اینڈی بائرن کو کنسرٹ کے دوران ایچ آر ہیڈ کرسٹین کیبوٹ کے ساتھ قریبی لمحات میں کیمرے کی زد میں آنے کے بعد کمپنی نے چھٹیوں پر بھیج دیا ہے۔ واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے پر کمپنی نے اندرونی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

یہ واقعہ کولڈ پلے کے ایک حالیہ میوزک کنسرٹ میں پیش آیا جب ہجوم کے مناظر فلماتے کیمرے نے فینز کے درمیان بیٹھے اینڈی بائرن اور کرسٹین کیبوٹ کو ایک دوسرے سے بغل گیر اور غیر رسمی انداز میں دکھایا۔

کیمرہ جیسے ہی ان پر آیا، دونوں افراد بوکھلا گئے۔ سی ای او بائرن فوراً نیچے جھک گئے جبکہ کرسٹین نے اپنا چہرہ دوسری جانب موڑ لیا، تاہم ان کی یہ کوشش بے سود رہی اور ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔

یہ انکشاف اس لیے بھی تنازعے کا سبب بنا کیونکہ دونوں افراد نہ صرف اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں بلکہ الگ الگ شادی شدہ بھی ہیں۔ کمپنی ذرائع کے مطابق ان دونوں پر الزام ہے کہ انہوں نے کارپوریٹ قواعد، خاص طور پر “پاور ڈائنامکس” اور ایچ آر ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سی ای او کی اہلیہ نے اپنا فیس بک اکاؤنٹ بند کر دیا جبکہ اینڈی بائرن نے لنکڈ اِن پر تبصرے بند کر دیے۔ عوامی سطح پر دونوں کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔کمپنی کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا”ہم اس معاملے کی مکمل چھان بین کر رہے ہیں۔ ہماری تنظیم شفافیت، پیشہ ورانہ رویے اور اخلاقی ذمہ داریوں کو اولین حیثیت دیتی ہے۔”

یہ واقعہ ایک بار پھر کارپوریٹ دنیا میں طاقت، ذاتی رویے اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے درمیان حد بندی کے بارے میں سوالات کھڑا کر رہا ہے۔ انکوائری کے نتائج کمپنی کے مستقبل کے فیصلے پر اثرانداز ہو سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں