امیر بالاج قتل کیس کا مرکزی ملزم طیفی بٹ پولیس مقابلے میں ہلاک

لاہور(نمائندہ خصوصی+ایجنسیاں)امیربالاج قتل کیس کا مرکزی ملزم طیفی بٹ مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا ، ملزم کو انٹرپول کے ذریعے دبئی سے گرفتار کر کے کراچی لایا گیا تھا۔تفصیلات کے مطابق امیر بالاج قتل کیس کا مرکزی ملزم طیفی بٹ مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا، مقابلہ رحیم یار خان کے علاقے کوٹ سبزل میں پیش آیا۔

سی سی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ طیفی بٹ کو انٹرپول کے ذریعے دبئی سے گرفتار کر کے کراچی لایا گیا تھا اور ملزم کو تفتیش کے لیے بذریعہ سڑک لاہور منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں اس کے ساتھیوں نے پولیس وین پر حملہ کر دیا۔جوابی کارروائی میں طیفی بٹ ہلاک جبکہ اس کے ساتھی موقع سے فرار ہوگئے تاہم پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر فرار ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

گذشتہ روز مرکزی ملزم خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ کو نجی ایئرلائن کے ذریعے لاہور منتقل کرکے جے آئی ٹی کے حوالے کیا گیا تھا۔طیفی بٹ کو امیر بالاج قتل کیس میں دبئی سے حراست میں لیا گیا تھا ملزم کو 70 سال میں پہلی بار گرفتار کیا گیا ہے اس سے قبل جتنے بھی واقعات ہوئے ہیں، ملزم گرفتار ہوکر جیل نہیں گیا تھا۔

واضح رہے کہ دبئی میں ملزم ایک دعوت کے دوران ڈرامائی انداز میں گرفتار کیا گیا، ڈی ایس پی خالد وریا پہلے سے دو ملزمان کی گرفتاری کے سلسلے میں دبئی میں موجود تھے۔انہوں نے دبئی پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کی، جس دوران طیفی بٹ بھی ایک فلیٹ میں موجود تھا، خالد وریا نے ملزم کو پہچان کر دبئی پولیس کو اطلاع دی جس پر کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کیا گیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں