انسداد پولیو مہم کے دوسرے روز 8 لاکھ 71 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے

عالمی ادارہ صحت کے مبصرین کی جانب سے انتظامیہ کی کاوشوں کی ستائش
وزیر اعلیٰ پنجاب کا زیرو پولیو ویژن یقینی بنایا جائے گا: ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا

ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی زیرِ صدارت ضلعی انتظامیہ لاہور کی کارکردگی اور انسدادِ پولیو مہم کے اہداف کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر کو پولیو سے پاک کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ڈی سی آفس میں منعقدہ اس اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، سی ای او ہیلتھ، تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور عالمی ادارہ صحت کے نمائندگان نے شرکت کی، جہاں مہم کے پہلے دو روز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

سی ای او ہیلتھ کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور میں گزشتہ دو روز کے دوران مجموعی طور پر 8 لاکھ 71 ہزار 976 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں، جس پر ڈبلیو ایچ او کے نمائندگان نے فیلڈ سٹاف اور سپروائزرز کی کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔

سید موسیٰ رضا نے انتظامی افسران کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مہم کے دوران گھروں پر موجود نہ ہونے والے بچوں این اے کیسز کی شرح کو کم سے کم سطح پر لایا جائے اور انکاری والدین کو پیار و محبت سے قائل کر کے بچوں کی ویکسی نیشن ہر صورت مکمل کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام نجی و سرکاری سکولوں میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کی سو فیصد کوریج کو یقینی بنایا جائے جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور اہم ٹرانزٹ پوائنٹس پر بھی خصوصی ٹیمیں الرٹ رہیں۔

ڈپٹی کمشنر لاہور نے زور دے کر کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ‘زیرو پولیو مشن’ کی کامیابی ضلعی انتظامیہ لاہور کی اولین ترجیح ہے اور اس قومی فریضے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز خود فیلڈ میں نکل کر ٹیموں کی حاضری چیک کریں کیونکہ اعدادوشمار کی شفاف اور درست رپورٹنگ ہی اس مہم کی اصل کامیابی کی ضمانت ہے۔ ڈی سی لاہور نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں تاکہ نسلِ نو کے مستقبل کو معذوری سے محفوظ بنایا جا سکے۔