انقرہ(ایجنسیاں) لیبیا کے آرمی چیف محمد علی احمد الحداد کا طیارہ ترکی کے شہر انقرہ سے روانہ ہونے کے بعد تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں آرمی چیف سمیت طیارے میں سوار 5 افراد ہلاک ہو گئے۔
ترک میڈیا کے مطابق لیبیا کے وزیراعظم نے ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔ طیارہ انقرہ ایسن بوغا ایئرپورٹ سے طرابلس کیلئےشام 8 بجکر 10 منٹ پر روانہ ہوا اور 8 بجکر 52 منٹ پر اس کا رابطہ منقطع ہو گیا۔
اطلاعات کے مطابق پرواز کے دوران طیارے نے ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کی تھی، لیکن اس کے بعد طیارے سے دوبارہ رابطہ قائم نہیں ہو سکا۔ ترک حکام نے ایسن بوغا ہوائی اڈے کو عارضی طور پر پروازوں کے لیے بند کر دیا تھا اور طیارے کا ملبہ بھی مل گیا ہے۔

