اسلام آباد(نامہ نگار)ورلڈ بینک گروپ کے نجی شعبے سے متعلق ادارے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) نے پاکستان میں اپنی پہلی مقامی کرنسی سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا ہے، جس کا مقصد زرعی شعبے کو مستحکم کرنا اور غذائی تحفظ کو فروغ دینا ہے۔
آئی ایف سی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ سرمایہ کاری پاکستانی روپے میں 33 ارب 60 کروڑ روپے تک کی غیر فنڈڈ جزوی کریڈٹ گارنٹی کی صورت میں کی گئی ہے، جس کے تحت اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک پاکستان لمیٹڈ، اینگرو فرٹیلائزرز لمیٹڈ کو طویل المدتی فنانسنگ فراہم کرے گا۔ آئی ایف سی کے مطابق یہ پاکستان میں اس کی پہلی مقامی کرنسی سرمایہ کاری ہے، جس کے ذریعے مقامی اور غیر ملکی کرنسی میں طویل المدتی فنانسنگ تک رسائی کو وسعت ملے گی۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اس فنانسنگ کے ذریعے مقامی سرمائے کو متحرک کیا جائے گا، جس سے اینگرو فرٹیلائزرز کو پاکستان میں زرعی ویلیو چین مضبوط بنانے، آپریشنل استحکام بڑھانے اور یوریا و دیگر کھادوں کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ اس سرمایہ کاری سے کسانوں کے لیے جاری پروگراموں کی معاونت بھی ممکن ہو سکے گی۔
آئی ایف سی کے مطابق یہ منصوبہ آئی ایف سی کینیڈا کی فیسلٹی فار ریزیلینٹ فوڈ سسٹمز کی جانب سے فراہم کردہ فرسٹ لاس کاؤنٹر گارنٹی سے بھی مستفید ہوگا۔ پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ پاکستان کا زرعی شعبہ مجموعی قومی پیداوار کا 24 فیصد، برآمدات کا 70 فیصد اور روزگار کا 40 فیصد فراہم کرتا ہے، جس کے باعث یہ شعبہ ملکی معیشت میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
اینگرو فرٹیلائزرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی کے مطابق مقامی سرمائے کے ذریعے مقامی ویلیو چینز کو مضبوط بنانا کمپنی کے بنیادی مشن کا حصہ ہے اور کسانوں سے وابستگی کا اظہار ہے۔ انہوں نے آئی ایف سی اور اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کا تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
آئی ایف سی کے مشرق وسطیٰ و وسطی ایشیا کے لیے مینوفیکچرنگ، ایگری بزنس اور سروسز کے ریجنل انڈسٹری ہیڈ اشرف مجاہد نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری مقامی کرنسی میں طویل المدتی فنانسنگ کے نئے مواقع پیدا کرے گی اور ایک اہم شعبے میں ترقی اور مالی استحکام کو تقویت دے گی۔ جبکہ اسٹینڈرڈ چارٹرڈ پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ریحان شیخ نے کہا کہ بینک پاکستان میں پائیدار معاشی ترقی کے لیے طویل المدتی فنانسنگ حل فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
واضح رہے کہ آئی ایف سی کا یہ اعلان اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور آئی ایف سی کے درمیان مقامی کرنسی میں نجی شعبے کی فنانسنگ بڑھانے کے معاہدے کے تقریباً دو ماہ بعد سامنے آیا ہے۔

