فیصل آباد (نمائندہ خصوصی)فیصل آباد میں جاری انڈر 19 ویمنز ٹی ٹوئنٹی سہ ملکی سیریز کے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
اقبال اسٹیڈیم میں پیر کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان انڈر 19 ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 105 رنز بنائے۔ شہر بانو 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں، جبکہ سری لنکا کی لیمانسا تھلاکا رتنے نے 14 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں سری لنکا انڈر 19 ویمنز ٹیم نے مطلوبہ ہدف 14ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ سنجنا کویندی نے 28 گیندوں پر 46 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔
ایونٹ کا آخری راؤنڈ میچ سری لنکا اور بنگلا دیش کی انڈر 19 ویمنز ٹیموں کے درمیان بدھ کو کھیلا جائے گا، جبکہ فائنل 16 اکتوبر کو سری لنکا اور بنگلا دیش کی ٹیموں کے درمیان ہوگا۔

