بھارت میں ایک رن وے پر کھڑے ہیلی کاپٹر کو ایسے لوٹ لیا گیا کہ کوئی پرزہ نہ چھوڑا جب کہ مزاحمت کرنے پر پائلٹ کو نشانہ بنایا گیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اتر پردیش کے میرٹھ کے ہوائی اڈے پر کھڑی ایک ہیلی کاپٹر کے ساتھ پیش آیا جہاں درجن بھر کے قریب لٹیروں نے رن ون میں داخل ہو کر ہیلی کاپٹر کے تمام پرزے کھول کھول کر لوٹ لیے اور جب پائلٹ نے انہیں ایسا کرنے سے روکا تو اس کو بھی مار پیٹ کر خاموش کرا دیا۔
رپورٹ کے مطابق متاثرہ ہیلی کاپٹر کے پائلٹ کیپٹن رویندر سنگھ کی طرف سے ایس ایس پی میرٹھ پولیس کو درخواست دی گئی ہے جس میں مذکورہ واردات کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے لٹیروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
پائلٹ نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ کہ تقریباً تین بجے ایک ٹیکنیشین نے مجھے فون پر بتایا کہ کچھ لوگ پرتاپور رَن وے سے ہیلی کاپٹر وی ٹی-ٹی بی بی بی کے پرزے کھول رہے ہیں اور جب میں ہیلی پیڈ پہنچا تو وہاں 15 سے 20 لوگ پرزے کھول رہے تھے اور جب میں نے انہیں روکا تو انہوں نے مجھ پر تشدد کیا
یہ واقعہ تین ماہ پرانا بتایا جاتا ہے اور شکایت کنندہ کا کہنا ہے کہ اس نے بروقت پولیس کو معاملے سے آگاہ کیا لیکن پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرنے کے بعد آگے کوئی کارروائی نہیں کی، جس کے بعد اب ایس ایس پی سے رجوع کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب اس حوالے سے پولیس کا موقف بھی سامنے آ گیا ہے اور ایس ایس پی میرٹھ نے بتایا کہ یہ ہیلی کاپٹر لوٹنے کا معاملہ نہیں بلکہ تین ماہ پرانا دو شراکت داروں کا تنازع ہے، جس کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔