اولمپک چیمپئن ارشد ندیم نے ایشین گولڈ میڈل بھی جیت لیا

لاہور: ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں پاکستان کے ارشد ندیم نے گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔ارشد نے اپنی آخری کوشش میں 86.40 میٹر لمبی تھرو پھینکی جب کہ فائنل مقابلے میں بھارت کے سچن یادیو دوسرے نمبر پر رہے۔

اولمپک گولڈ میڈلسٹ جیولن تھرور ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں بھی گولڈ میڈل حاصل کرلیا وہ اس سے قبل اولمپک گیمز میں بھی گولڈ میڈل حاصل کر چکے ہیں۔

جنوبی کوریا میں ہونے والے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستان کے یاسر سلطان نے پہلی باری میں 70.53 میٹر کی تھرو کی، یاسر کی دوسری تھرو 75.39 میٹر کی رہی جب کہ تیسری کوشش میں یاسر سلطان نے 75.50 میٹر کی تھرو کی۔

پاکستان کے ارشد ندیم نے پہلی تھرو 75.64 میٹر کی پھینکی جب کہ دوسری کوشش میں ان کی تھرو 76.80 میٹر کی رہی، ارشد نے تیسری کوشش میں 85.57 میٹر کی تھرو پھینکی، انہوں نے چوتھی کوشش میں 83.99 میٹر کی تھرو پھینکی۔

ایشین ایتھلیٹکس کی تاریخ میں 1973 کے بعد پاکستان کا پہلا گولڈ میڈل ہے، پاکستان نے آخری مرتبہ اس ایونٹ میں 1973 میں گولڈ میڈل جیتے تھے۔

1973 میں فلپائن میں ہونیوالے مقابلوں میں پاکستان نے جیولن تھرو اور 800 میٹر کے گولڈ جیتے تھے جس میں 800 میٹر کا گولڈ محمد یونس اور جیولن تھرو کا گولڈ میڈل اللہ داد نے جیتا تھا۔

ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں ارشد ندیم 50 سال سے زائد عرصے میں گولڈ جیتنے والے پہلے پاکستانی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں