ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی) اونٹاریو کی قانون ساز اسمبلی کی اسپیکر ڈونا اسکیلی نے کوئینز پارک کے ساؤتھ لان میں واقع مخصوص کَرٹسی فلیگ پول پر عارضی اور علامتی پرچم کشائی (فلیگ رائزنگ) کا عمل ختم کرنے کا انتظامی فیصلہ کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت فرانکو-اونٹیرین پرچم کو اس فلیگ پول پر مستقل طور پر نصب کیا گیا ہے، جس کے بعد دیگر کمیونٹیز کے پرچم اب اس مخصوص مقام پر عارضی طور پر نہیں لہرائے جائیں گے۔

اسپیکر کے دفتر کی جانب سے جاری وضاحت کے مطابق اس مستقل انتظام سے کسی بھی کمیونٹی کو کوئینز پارک آ کر اپنی ثقافت، ورثے یا شناخت منانے سے نہیں روکا گیا اور قانون ساز اسمبلی تمام اونٹیرینز کیلئے بدستور خوش آمدید کہنے کی جگہ ہے۔ وضاحت میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ اسمبلی کے احاطے کے انتظام سے متعلق ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ اقدام کسی بل کی منظوری یا قانون سازی کے ذریعے نہیں کیا گیا بلکہ اسپیکر کے انتظامی اختیارات کے تحت کیا گیا ہے۔ بطور اسپیکر، ڈونا اسکیلی قانون ساز اسمبلی کے قواعد کی نگرانی اور اسمبلی کے احاطے کے انتظام کی ذمہ دار ہیں، جبکہ وہ عمومی طور پر قانون سازی کی بحث یا ووٹنگ میں حصہ صرف ٹائی کی صورت میں ووٹ دینے کیلئے لیتی ہیں۔

