یاگرا فالس (نامہ نگار/سی بی سی/گلوبل نیوز) – اونٹاریو نیو ڈیموکریٹک پارٹی (این ڈی پی) کی سربراہ ماریٹ اسٹائلز نے پارٹی کنونشن میں قیادت پر اعتماد کے ووٹ میں 68 فیصد حمایت حاصل کرکےپوزیشن برقرار رکھی۔
کنونشن میں ہفتے کے روز خطاب کرتے ہوئے اسٹائلز نے کہا کہ پارٹی نے گزشتہ انتخابات سے سبق سیکھا ہے اور آئندہ اونٹاریو کے عوام کو ایسا پلیٹ فارم فراہم کیا جائے گا جس پر وہ اعتماد کے ساتھ ووٹ دے سکیں۔ماریٹ اسٹائلز کیخلاف کسی بڑی مزاحمت کی نشاندہی نہیں ہوئی تھی اسی لیے ان کی پوزیشن محفوظ سمجھی جا رہی تھی۔
فروری کے قبل از وقت الیکشن میں این ڈی پی اگرچہ اپوزیشن لیڈر کا درجہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہی مگر 2022 کے مقابلے میں کوئی نئی نشست حاصل نہ کر سکی اور چار نشستیں کھو بیٹھے جب کہ مقبول ووٹ میں بھی لبرلز اور کنزرویٹوز کے بعد تیسرے نمبر پر رہی۔
ماریٹ اسٹائلز، جو 2023 میں اینڈریا ہورواَتھ کے استعفے کے بعد بلا مقابلہ پارٹی سربراہ منتخب ہوئی تھیں نے بتایا کہ انہوں نے صوبے کے 50 حلقوں کا دورہ کیا اور پارٹی کارکنوں سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے کہا“ہمیں اپنا طریقۂ کار بدلنا ہوگا۔ ہم وہی مہم دوہرا کر مختلف نتیجے کی توقع نہیں رکھ سکتے۔ ہم پچھلے الیکشن سے سیکھیں گے، اپنے مضبوط ووٹ بینک کو مزید وسعت دیں گے اور ڈگ فورڈ کو احتساب کے کٹہرے میں لائیں گے۔ ہم اونٹاریو کے عوام کو ایک بہتر حکومت دینے کا وعدہ کرتے ہیں۔”
ایبسکس ڈیٹا کے تازہ ترین سروے کے مطابق این ڈی پی کو اپنے اہداف حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اگست کے آخر میں کیے گئے سروے کے مطابق ڈگ فورڈ کی حکومت کو 53 فیصد عوامی حمایت حاصل ہے، جب کہ این ڈی پی صرف 12 فیصد پر موجود ہے اور لبرلز سے 15 پوائنٹس پیچھے ہے۔ وزیرِاعلیٰ کے طور پر پسندیدگی میں بھی فورڈ کو 48 فیصد عوام کی حمایت حاصل ہے جب کہ اسٹائلز کی مقبولیت صرف 12 فیصد ہے۔
اپنے خطاب میں اسٹائلز نے صوبے میں 8 فیصد بیروزگاری کی شرح پر کڑی تنقید کرتے ہوئے پریمیئر ڈگ فورڈ کو “روزگار کا تباہ کن” قرار دیا۔ انہوں نے کہا“اونٹاریو میں پہلے ہی 8 لاکھ لوگ بیروزگار ہیں۔ ڈگ فورڈ روزگار کیلئے ایک ڈیزاسٹر ہیں۔ عوام چاہتے ہیں کہ ہم آواز بلند کریں، بہتر حالات کا مطالبہ کریں اور اگلے الیکشن میں انہیں شکست دینے کیلئے حکومت بنانے کی جدوجہد کریں۔”
اس موقع پر ماریٹ اسٹائلز نے اونٹاریو این ڈی پی لیڈرشپ پروگرام کے قیام کا اعلان بھی کیا، تاکہ مستقبل کے پارٹی رہنماؤں کو تیار کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا“یہ پروگرام شرکاء کو قیادت کے ہنر، رہنمائی اور عملی تجربہ فراہم کرے گا تاکہ وہ ہمیں 2029 اور اس کے بعد کی کامیابیوں تک لے جا سکیں۔ ہمیں جڑوں کی سطح پر اپنی حمایت کو دوبارہ زندہ کرنا ہوگا، حلقہ بہ حلقہ اور پڑوسی بہ پڑوسی کام کرنا ہوگا۔”

