اونٹاریو :فورٹ ولیم فرسٹ نیشن میں 5 اموات پر سوگ، چیف کی مزید سپورٹ کی اپیل

تھنڈر بے، اونٹاریو (سی بی سی نیوز)فورٹ ولیم فرسٹ نیشن کی چیف مشیل سلیمن نے حالیہ چند دنوں میں کمیونٹی میں ہونے والی 5 اچانک اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ منشیات اور رہائش کے بحران نے کمیونٹی کو شدید متاثر کیا ہے۔

چیف مشیل سلیمن کے مطابق دو افراد ہفتے کی صبح ٹریول ٹریلر میں آتشزدگی کے باعث جاں بحق ہوئے، جب کہ مجموعی طور پر پانچ اموات نے ایک ہزار سے کم آبادی والی اوجِب وے کمیونٹی کو سوگوار کر دیا ہے۔ آتشزدگی کی وجہ اور نقصانات کا تخمینہ تاحال جاری تحقیقات کے بعد سامنے آئے گا۔

چیف نے بتایا کہ حالیہ برسوں میں اموات کا سلسلہ اکثر یکے بعد دیگرے پیش آتا ہے، اور ان میں سے بڑی تعداد کسی نہ کسی طور منشیات کے مسئلے سے جڑی ہوتی ہے۔

گزشتہ سال کمیونٹی نے زہریلی منشیات کے بحران پر ایمرجنسی نافذ کی تھی اور اب ایک ایسی عمارت بھی حاصل کر لی ہے جہاں ڈیٹاکس مکمل کرنے والوں کو علاج کے انتظار کے دوران سہولت دی جا سکے، تاہم اس مرکز کو فعال کرنے کیلئےبیرونی فنڈنگ درکار ہے۔

چیف سلیمن نے کہا کہ کمیونٹی کے محدود وسائل اور شہر کے قریب ہونے کے باعث جرائم پیشہ عناصر تک آسان رسائی نے صورتحال مزید بگاڑ دی ہے۔ تھنڈر بے ڈسٹرکٹ صوبے میں اوپیئڈ سے متعلق اموات کی سب سے بلند شرح رکھتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فورٹ ولیم فرسٹ نیشن کو 24/7 پولیسنگ سہولت بھی میسر نہیں، جس کی وجہ سے سیکیورٹی کے مسائل بڑھ رہے ہیں۔ کمیونٹی کو انیشنا بیک پولیس سروس فراہم کرتی ہے جبکہ او پی پی ضرورت کے مطابق تعاون کرتی ہے۔

سوگ کے دوران روزانہ مقدس آگ روشن کی جا رہی ہے، جب کہ کمیونٹی سینٹر میں ڈراپ اِن سیشنز کا انتظام بھی کیا گیا ہے، جن میں کھانا، ہنر مندی کا سامان، کونسلنگ اور بزرگانِ قبیلہ کی رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔

چیف نے بتایا کہ ایک ہفتے میں ٹریول ٹریلرز میں آتشزدگی کے چار واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں سے دو فورٹ ولیم فرسٹ نیشن میں پیش آئے۔رہائش کے بحران کی وجہ سے لوگ ٹریول ٹریلرز میں رہنے پر مجبور ہیں، جو اضافی ہیٹنگ اور برقی بوجھ برداشت کرنے کے قابل نہیں ہوتے اور صورتحال انتہائی خطرناک ہو جاتی ہے۔

چیف سلیمن نے کہا کہ کمیونٹی کے خاندان اپنے پیاروں کی میتیں واپس آنے کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ آخری رسومات کی تیاری کی جا سکے کیونکہ تھنڈر بے میں پوسٹ مارٹم کی سہولت نہ ہونے کے باعث لاشوں کو ٹورنٹو بھیجا جاتا ہے۔انہوں نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا سہارا بننے اور کمیونٹی عملے سے مدد لینے کی اپیل کی، اور خوراک سمیت دیگر مدد فراہم کرنے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔