اونٹاریو :فورڈحکومت اسکولوں کی طرح اسپتالوں میں بھی بحران پیداکررہی ہے: لی فیرکلاف

اونٹاریو(نمائندہ خصوصی) —اونٹاریو لبرل پارٹی کی اسپتالوں سے متعلق ناقد اور ایٹو بیکوک-لیک شور سے ایم پی پی لی فیرکلاف (Lee Fairclough) نے خبردار کیا ہے کہ فورڈحکومت اسکولوں کی طرح اسپتالوں میں بھی بحران پیداکررہی ہے. فورڈ حکومت اسپتالوں کے ساتھ بھی وہی طریقہ کار اپنانے جا رہی ہے جو اس نے اسکولوں کے ساتھ کیا تھا — یعنی فنڈز میں کمی، بحران پیدا کرنا اور پھر الزام اداروں پر ڈال دینا۔

لی فیرکلاف نے کہا کہ اونٹاریو کے اسپتالوں کو 2025 میں ایک ارب ڈالر کے خسارے کا سامنا ہے۔ پورے کینیڈا میں اونٹاریو وہ صوبہ ہے جہاں اسپتالوں کیلئے سب سے کم فنڈز مختص کیے جاتے ہیں، اور اب انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بغیر کسی اضافی فنڈنگ، خدمات میں کمی، یا لاگت کم کیے تین سالہ منصوبہ تیار کریں۔

مزید برآں، حکومت نے اسپتالوں سے تفصیلی گورننس معلومات جمع کرانے کا مطالبہ کیا ہے، جو ایک غیر معمولی اقدام ہے اور اس سے حکومت کے ارادوں پر سوال اٹھ رہے ہیں۔

ایم پی پی فیرکلاف نے کہا”ہم نے یہ حربہ پہلے بھی فورڈ حکومت سے دیکھا ہے۔ انہوں نے اسکول بورڈز کی فنڈنگ میں کمی کی، انہیں خسارے میں دھکیلا، پھر انتظامی ناکامی کا الزام لگا کر کنٹرول سنبھال لیا۔ ہم نہیں چاہتے کہ جو کچھ ہمارے بچوں اور اسکولوں کے ساتھ ہوا، وہی اسپتالوں اور عوامی صحت کے ساتھ ہو۔”

انہوں نے مزید کہا کہ فورڈ حکومت یہ دعویٰ نہیں کر سکتی کہ اس کے پاس صحت کے نظام کو بہتر بنانے کے وسائل نہیں ہیں، کیونکہ وہ نجی کلینکس کی فنڈنگ کو ترجیح دے رہی ہے، جس پر ٹیکس دہندگان سے وصول ہونے والی رقم اسپتالوں میں انہی سرجریوں کے مقابلے میں تین گنا زیادہ خرچ ہو رہی ہے۔

فیرکلاف نے کہا”یہ خسارے دراصل اس حکومت کی قیادت کی ناکامی کی علامت ہیں۔ جو مسائل ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں نظر آتے ہیں، وہ دراصل کمیونٹی سطح پر پیدا ہونیوالے بحرانوں کی عکاسی کرتے ہیں۔ فورڈ حکومت نے صحت، کمیونٹی کیئر، اور ہاؤسنگ — ہر میدان میں اپنی ذمہ داری سے دستبرداری اختیار کی ہے۔”

اپنا تبصرہ لکھیں