اونٹاریو(نمائندہ خصوصی) اونٹاریو لبرل پارٹی (OLP) نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے اگلے رہنما کے انتخاب کے عمل کا آغاز کر رہی ہے، جو بونی کرومبی کی جگہ لیں گے جنہوں نے رواں ماہ کے اوائل میں استعفیٰ دیا تھا۔
پارٹی کی ایگزیکٹو کونسل نےجاری کردہ پریس ریلیز میں بتایا کہ انہوں نے “لیڈرشپ ووٹ کمیٹی” تشکیل دینے کی منظوری دے دی ہے جو اس انتخابی عمل کی نگرانی کریگی۔پارٹی کی صدر کیتھرین میک گیری نے کہا “یہ ہماری پارٹی کیلئےایک پرجوش لمحہ ہے۔ ہم اپنی تحریک کی تعمیر نو اور تجدید کے اہم کام کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔”
کمیٹی کی سربراہی پارٹی کے خزانچی گیبریل سیکالی کریں گے جبکہ اس میں میک گیری، ایگزیکٹو نائب صدر ڈیوڈ فیرو اور دیگر ارکان شامل ہوں گے۔پارٹی نے کہا کہ کمیٹی جلد ہی ارکان سے تجاویز اکٹھی کرنے کیلئے ایک سروے شروع کرے گی تاکہ قیادت کے انتخاب کو “منصفانہ، دلچسپ اور قابلِ رسائی” بنایا جا سکے۔
یہ انتخابی عمل ایسے وقت میں شروع ہو رہا ہے جب کرومبی نے اعلان کیا ہے کہ وہ جانشین کے منتخب ہونے تک عہدے پر برقرار رہیں گی۔ یہ گزشتہ پانچ سالوں میں پارٹی کی تیسری قیادت کی دوڑ ہوگی، اور نیا رہنما 2029 کے صوبائی انتخابات میں ڈگ فورڈ کا مقابلہ کریگا۔

