اونٹاریو لبرلز کا اوشاوا میں مسلم خاتون بزنس اونر پر پرتشدد حملے پر شدید ردعمل

ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی)اونٹاریو لبرل کاکس نے اوشاوا میں ایک مسلم کاروباری خاتون پر 2 جولائی کو ہونے والے پرتشدد حملے پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق خاتون کو اس وقت حملے کا نشانہ بنایا گیا جب انہوں نے اپنے ریسٹورنٹ کے باہر مبینہ طور پر چوری کی کوشش کرنے والے افراد کو روکا۔ حملہ آوروں نے ان کا حجاب نوچ ڈالا اور انہیں زمین پر گرا کر پیٹنا شروع کر دیا۔

جبکہ پولیس تفتیش جاری ہے، اس حملے کی نوعیت نہایت تشویشناک اور پورے صوبے میں بڑھتے ہوئے خوف کو ظاہر کرتی ہے۔ یہ اس سال کا کم از کم دوسرا واقعہ ہے جس میں ایک مسلم خاتون کا حجاب زبردستی اتارا گیا۔ اونٹاریو میں کسی کو بھی اس کے عقیدے، لباس یا برادری کی حفاظت کے جذبے کی بنیاد پر نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔

اونٹاریو لبرلز کی طرف سے ممبرپارلیمنٹ روبی سہوتا نے متاثرہ خاتون، ان کے اہلِ خانہ اور پورے مسلم کمیونٹی کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ تشدد نہ صرف ایک فرد پر حملہ ہے بلکہ ہمارے مشترکہ اقدار پر ایک کاری ضرب ہے۔

بیان میں نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی شمولیت پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومتِ اونٹاریو سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اسکولوں میں تعلیم اور روک تھام جیسے انسدادِ نفرت اقدامات اپنائے۔

اونٹاریو لبرلز نے صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کو یقینی بنائیں اور متاثرہ خاتون اور ان کے اہل خانہ کو مکمل تعاون فراہم کریں۔

بیان کے اختتام پر کہا گیا”نفرت کو یہاں کبھی جگہ نہیں ملنی چاہیے۔”

اپنا تبصرہ لکھیں