ایمسٹبرگ، اونٹاریو (سی بی سی) اونٹاریو کے پریمیئر ڈگ فورڈ نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے جب یہ خبر سامنے آئی کہ مشہور کینیڈین وِسکی کراؤن رائل کو بوتل بند کرنے والا پلانٹ اگلے سال کے آغاز میں بند کر دیا جائے گا۔ یہ پلانٹ ایمسٹبرگ، اونٹاریو میں واقع ہے اور اس کی بندش سے تقریباً 200 ملازمین متاثر ہوں گے۔
ڈیایجیو (Diageo) کمپنی کے مطابق یہ فیصلہ سپلائی چین کو زیادہ مؤثر اور مضبوط بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ تاہم پریمیئر ڈگ فورڈ نے ایک پریس کانفرنس میں شدید تنقید کرتے ہوئے کہا”میں ہمیشہ کہتا ہوں، سمجھدار لوگ ہمیشہ اتنے سمجھدار نہیں ہوتے، اور آپ لوگ تو بالکل ہتھوڑوں کے تھیلے جتنے بے وقوف ہیں۔”
فورڈ نے اس موقع پر کراؤن رائل کی ایک بوتل نکالی اور سب کے سامنے آہستہ آہستہ اسے انڈیل دیا۔ انہوں نے کہا کہ سب کو بھی یہی کرنا چاہیے اور اس کے بجائے اونٹاریو میں بنی ہوئی وِسکی کو سپورٹ کرنا چاہیے۔
کمپنی نے وضاحت کی کہ کراؤن رائل اب بھی کینیڈا میں تیار کی جائے گی اور کینیڈین مارکیٹ کے لیے بننے والی بوتلیں کینیڈا ہی میں بوتل بند ہوں گی۔ مزید یہ کہ کمپنی کی “اہم موجودگی” برقرار رہے گی، جس میں جی ٹی اے میں ہیڈ آفس اور ویئرہاؤس، جبکہ مینٹوبا اور کیوبیک میں بوتلنگ اور ڈسٹلنگ کی سہولیات شامل ہیں۔
پریمیئر فورڈ نے بتایا کہ انہوں نے کمپنی سے پوچھا تھا کہ کیا کسی ترغیب (incentives) کے ذریعے ملازمتیں بچائی جا سکتی ہیں لیکن کمپنی نے انکار کر دیا۔ اس پر فورڈ نے خبردار کیا”آپ نے میرے لوگوں کو نقصان پہنچایا ہے، میں بھی آپ کو نقصان پہنچاؤں گا۔ اصل تکلیف فروری میں سامنے آئے گی جب یہ ملازمین اپنی تنخواہ سے محروم ہوں گے۔”
دوسری جانب، اونٹاریو لبرل پارٹی کے رہنما جان فریزر نے فورڈ کے اس اقدام کو محض “ڈرامہ” قرار دیا اور کہا”یہ سب شو ہے، اس سے لوگوں کے گھروں میں کھانا نہیں پہنچنے والا، اصل مسئلہ ان کی نوکریاں ہیں۔”

