اوٹاوا : نیشنل پولیس فیڈریشن جدید قانونی رسائی کے فریم ورک کے قیام کا مطالبہ

اوٹاوا (نمائندہ خصوصی)نیشنل پولیس فیڈریشن (NPF) نے اوٹاوا میں ایک تعلیمی مباحثے کا انعقاد کیا جس میں قانون اور پرائیویسی کے ماہرین، پارلیمنٹیرینز، میڈیا، پولیس اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے حصہ لیا تاکہ کینیڈا میں قانونی رسائی کے مستقبل پر تبادلۂ خیال کیا جا سکے اور یہ سمجھا جا سکے کہ موجودہ قوانین جدید ٹیکنالوجی کے تقاضوں کے مطابق کس طرح اپڈیٹ ہونے چاہئیں جبکہ شہریوں کے پرائیویسی حقوق کا تحفظ برقرار رہے۔

کینیڈا کے پاس اپنے فائیو آئیز شراکت داروں کی طرح ڈیجیٹل کمیونیکیشن کے لیے واضح اور جدید قانونی رسائی کا فریم ورک موجود نہیں ہے۔ بہت سے بنیادی قوانین جو تفتیش کار استعمال کرتے ہیں دہائیوں پرانے ہیں، جب اسمارٹ فونز، انکرپٹڈ میسجنگ، کلاؤڈ اسٹوریج اور عالمی آن لائن پلیٹ فارمز موجود نہیں تھے۔ نتیجتاً قانون اکثر اینالاگ دنیا کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ سنگین جرائم آن لائن منتقل ہو چکے ہیں۔

ڈیجیٹل دنیا میں دہشت گردی، بلیک میلنگ، بچوں کے استحصال، منظم جرائم، اور غیر ملکی مداخلت جیسے جرائم بڑھ رہے ہیں، مگر تفتیش کاروں کے پاس استعمال ہونے والے اوزار اور عمل اب تک جدید تقاضوں کے مطابق نہیں ہیں۔ عدالت کی منظوری کے باوجود وارنٹس پر عمل درآمد اکثر ممکن نہیں ہوتا کیونکہ سروس فراہم کرنے والے لازمی مدد فراہم کرنے کے پابند نہیں یا ان کے پاس تکنیکی صلاحیت موجود نہیں۔ اس سے عدالت کی اجازت اور تفتیش کاروں کی ضرورت کے درمیان خلا پیدا ہوتا ہے، جو کینیڈا کی سیکیورٹی کو اس کے اتحادیوں کے مقابلے میں کمزور کرتا ہے۔

یہ خلا حقیقی نتائج کا باعث بنتا ہے۔ ڈیجیٹل شواہد تک رسائی میں تاخیر معلومات ضائع ہونے، تفتیش رکنے اور متاثرین و کمیونٹیز کو نقصان پہنچنے کا سبب بنتی ہے۔مثلاً برٹش کولمبیا کے شہر سری میں دھمکیاں اکثر WhatsApp پر دی جاتی ہیں،پولیس میسج ٹریس کرنے سے پہلے مشتبہ افراد نمبر یا شناخت بدل دیتے ہیں۔

NPF کا موقف ہے کہ یہ مطالبہ پولیس کے اختیارات بڑھانے یا پرائیویسی کے حقوق کمزور کرنے کے لیے نہیں ہے، بلکہ موجودہ عدالت کی منظور شدہ اختیارات کو ڈیجیٹل دنیا میں مؤثر بنانا ہے۔ نئے فریم ورک میں عدالتی اجازت، ضرورت اور تناسب کے ٹیسٹ، اور مضبوط پرائیویسی پروٹیکشن شامل ہونی چاہئیں۔

“برائن ساؤوی، صدر و سی ای او، NPF”
“کینیڈا کے قوانین کو روزانہ کے حقیقی حالات کے مطابق ہونا چاہیے۔ ہم نئے اختیارات نہیں مانگ رہے، بلکہ عدالت کی منظور شدہ وارنٹس پر عملدرآمد چاہتے ہیں۔ شہریوں کو مضبوط پرائیویسی اور مؤثر عوامی تحفظ دونوں حق ہے۔”

“لیا ویسٹ، نیشنل سیکیورٹی وکیل و ماہر تعلیم”
“جمہوری معاشرے پرائیویسی اور سیکیورٹی دونوں کا تحفظ کر سکتے ہیں۔ واضح قانونی اصول، مضبوط عدالتی نگرانی، اور سروس فراہم کرنے والوں کے لیے متعین ذمہ داریاں ضروری ہیں تاکہ قانونی رسائی آئینی دائرہ کار میں مؤثر رہے۔”

“ڈپٹی چیف نک میلینووِچ، پیل ریجنل پولیس”
“آنٹاریو اور پورے کینیڈا میں پولیس دیکھ رہی ہے کہ سنگین جرائم کتنی تیزی سے ڈیجیٹل دنیا میں منتقل ہو چکے ہیں۔ ہمارے قوانین کو رفتار کے مطابق ہونا چاہیے۔ جدید قانونی رسائی کا فریم ورک عدالتی منظوری شدہ وارنٹس کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے کی راہ فراہم کرے گا اور کمیونٹیز کے تحفظ کو یقینی بنائے گا۔”

“نیشنل پولیس فیڈریشن کے بارے میں”
NPF کینیڈا میں تقریباً 20,000 RCMP ممبران کی نمائندگی کرتا ہے اور ملک کی سب سے بڑی پولیس یونین ہے۔ یہ عوامی تحفظ کو بہتر بنانے، پولیس کے وسائل اور جدید سازوسامان میں سرمایہ کاری، اور صحت، نشہ آور مواد اور ہاؤسنگ جیسے سماجی پروگراموں کے ذریعے کمیونٹیز کی حفاظت اور معیارِ زندگی بڑھانے پر مرکوز ہے۔