اوٹاوا: وزن کم کرنے کیلئے پہلی جنیرک سیماگلوٹائیڈ انجیکشن کی منظوری

اوٹاوا (ہیلتھ کینیڈا، دی کینیڈین پریس)کینیڈین محکمہ صحت نے وزن کم کرنے کیلئے پہلی جنیرک سیماگلوٹائیڈ انجیکشن کی منظوری دے دی ہے۔ہیلتھ کینیڈا کے مطابق کینیڈین کمپنی اپوٹیکس کی تیار کردہ دوا سویمیا، ڈنمارک کی کمپنی نووو نورڈسک کی معروف دوا ویگووی کا جنیرک متبادل ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق سویمیا 12 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد میں دائمی وزن کے انتظام کے لیے ہفتے میں ایک مرتبہ استعمال کی جائے گی۔ اس دوا کو کم کیلوریز والی غذا اور جسمانی سرگرمی میں اضافے کے ساتھ بطور معاون علاج استعمال کیا جائے گا۔

یہ ہیلتھ کینیڈا کی جانب سے منظور کی جانے والی تیسری جنیرک سیماگلوٹائیڈ دوا ہے، تاہم اس سے قبل منظور ہونے والی دونوں جنیرک ادویات بالغ افراد میں ٹائپ ٹو ذیابیطس کے علاج کے لیے تھیں۔

رواں سال کے آغاز میں نووو نورڈسک کی دوا اوزیمپک کے جنیرک متبادل، بھارتی کمپنی ڈاکٹر ریڈیز لیبارٹریز اور اپوٹیکس کی تیار کردہ ادویات کو بھی منظوری دی گئی تھی۔ہیلتھ کینیڈا کے مطابق مختلف کمپنیوں کی جانب سے جنیرک سیماگلوٹائیڈ سے متعلق مزید چھ درخواستیں زیر غور ہیں، جن پر آئندہ ہفتوں اور مہینوں میں فیصلے متوقع ہیں۔