اوٹاوا: ویاح ریلوے کی ٹرین 12 گھنٹے بعد بحال، مسافر رات بھر پھنسے رہے

اوٹاوا(ایجنسیاں)کینیڈا میں ویاح ریل کی ٹرین میں سفر کرنے والے درجنوں مسافر بروک وِل، اونٹاریو کے قریب رات بھر پھنسے رہے۔ ٹورنٹو سے اوٹاوا جانے والی دو ٹرینیں تقریباً 12 گھنٹے تک رکی رہیں جس کے بعد مسافروں کو دوسری ٹرین کے ذریعے منزل کی طرف روانہ کیا گیا۔

کینیڈین میڈیا کے مطابق ویاح ریل کی ٹرین 669، جو مونٹریال سے ٹورنٹو جارہی تھی، بدھ کی شام مکینیکل خرابی کا شکار ہوگئی۔ اس کے مسافروں کو دوسری ٹرین میں منتقل کردیا گیا، تاہم اس خرابی کے باعث بعد میں آنے والی دو ٹرینیں 48 اور 54 بھی متاثر ہوئیں، جن کے مسافر رات 9 بج کر 30 منٹ سے لے کر جمعرات کی صبح 10 بجے تک پھنسے رہے۔

ٹرین 48 کے مسافر کییا پرووا نے بتایا کہ مسافر ساری رات اس امید میں بیٹھے رہے کہ مسئلہ جلد حل ہوجائے گا، مگر ایسا نہ ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین گرم تھی لیکن نیند نہ آنے کے باعث پورا دن متاثر ہوگیا۔

ایک اور مسافر مورگن ڈیوس اور دیگر نے واضح معلومات نہ ملنے پر ناراضی کا اظہار کیا۔ پرٹھ، اونٹاریو کے ڈاکٹر ایلن ڈرومونڈ نے بتایا کہ وہ اپنی بیٹی کو لینے کے لیے چھ گھنٹے سے زائد اسمتھ فالس اسٹیشن پر انتظار کرتے رہے، لیکن بالآخر رات 3 بجے واپس جانے پر مجبور ہوگئے۔

ویاح ریل نے یہ بتانے سے گریز کیا کہ آیا ٹرین کی خرابی کا تعلق مشرقی اونٹاریو میں جاری برفباری کی وارننگ سے تھا۔ ویاح کے مطابق معاملہ تحقیقات میں ہے جبکہ ٹرین کی مرمت کے لیے ضروری آلات مختلف ٹرینوں کے ذریعے منگوائے جا رہے تھے۔

ترجمان کے مطابق مسافروں کو بروک وِل میں ٹرین سے اترنے کی اجازت تو تھی، لیکن کوئی متبادل سفری سہولت فراہم نہیں کی گئی۔ ویاح نے واقعے پر معذرت کرتے ہوئے مکمل رقم واپسی اور آئندہ سفر کے لیے کریڈٹ دینے کا اعلان کردیا ہے۔

وفاقی وزیر ٹرانسپورٹ اسٹیو میکنن نے کہا کہ ویاح ریل کو ماضی میں بھی ایسے مسائل کا سامنا رہا ہے، اور ہدایت کی گئی ہے کہ ایسے واقعات کی صورت میں فوری اور مؤثر اقدامات کو بہتر بنایا جائے۔