عالمی جنگوں میں جان قربان کرنے والے پاکستانی سپوتوں کو سلامِ عقیدت پیش
اوٹاوا (نمائندہ خصوصی)کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد سلیم نے اوٹاوا میں نیشنل وار میموریل پر منعقدہ یومِ یادگار (Remembrance Day) کی مرکزی تقریب میں پاکستان کی نمائندگی کی۔تقریب میں چیف جسٹس سپریم کورٹ آف کینیڈا، معزز رچرڈ ویگنر سمیت دولتِ مشترکہ (Commonwealth) کے متعدد ممالک کے ہائی کمشنرز نے شرکت کی۔

اس موقع پر ہائی کمشنر محمد سلیم نے دیگر ہائی کمشنرز کے ہمراہ “ٹومب آف دی اَن نون سولجر” پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور اُن تمام بہادر سپاہیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے آزادی اور عالمی امن کیلئے اپنی جانیں قربان کیں ان میں وہ جانباز بھی شامل تھے جو اُن علاقوں سے تعلق رکھتے تھے جو آج پاکستان کا حصہ ہیں۔
ہائی کمشنر نے کہا کہ”پاکستان اُن تمام شہداء کو سلام پیش کرتا ہے جنہوں نے دنیا میں امن و آزادی کیلئےاپنی قیمتی زندگیاں قربان کیں۔ ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔”
اس تقریب میں پاکستان کی نمائندگی نہ صرف تاریخی تعلقات کی یاد دہانی ہے بلکہ عالمی امن کے فروغ میں جنوبی ایشیا کے کردار کو اجاگر کرنے کا موقع بھی فراہم کرتی ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ محمد سلیم کی شرکت پاکستان اور دولتِ مشترکہ ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی سمت ایک مثبت اشارہ ہے۔

