اوٹاوا (نامہ نگار)صوبائی حکومت نے مشرقی اونٹاریو کے ہنر مند کارکنوں کیلئےحفاظتی اقدامات کے طور پر 87 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد 1500سے زائد افراد کو تعمیرات، مینوفیکچرنگ، ہنر مند پیشوں اور آٹوموٹو جیسے ہائی ڈیمانڈ سیکٹرز میں تربیت فراہم کرنا ہے۔
وزیرِاعلیٰ ڈگ فورڈ نے اسکلز ڈیولپمنٹ فنڈ (ایس ڈی ایف) ٹریننگ اسٹریم کے تحت سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔ وزیرِمحنت، امیگریشن، تربیت اور اسکلز ڈیولپمنٹ کے پارلیمانی اسسٹنٹ محمد فیرن نے پریس ریلیز میں کہا کہ یہ سرمایہ کاری اوٹاوا کے لوگوں کو اچھی ملازمتوں اور بڑی تنخواہوں کیلئے تیار کرنے کے بارے میں ہے۔
انہوں نے مزید کہا، “چاہے تعمیرات، مینوفیکچرنگ یا ہنر مند پیشوں میں کیریئر کی تیاری ہو، ہم یقینی بنا رہے ہیں کہ کارکنوں کو ایسی تربیت تک رسائی حاصل ہو جو انہیں مضبوط اور مسابقتی بنائے۔ اس سرمایہ کاری کے ذریعے مقامی خاندان مضبوط ہونگے اور ورک فورس مستقبل کے چیلنجز کیلئےتیار ہو گی۔”
یہ فنڈنگ صوبائی حکومت کے 2.5 ارب ڈالر کے ایس ڈی ایف منصوبے کا حصہ ہے جس کا مقصد اونٹاریو کے کارکنوں کو مہارتیں فراہم کرنا اور امریکی ٹیرف چیلنجز کے باوجود اقتصادی مسابقت کو برقرار رکھنا ہے۔
اوٹاوا کے میئر مارک سٹ کلف نے کہا، “ہم خوش قسمت ہیں کہ ہماری کمیونٹی میں انتہائی ہنر مند کارکن موجود ہیں اور یہ فنڈنگ شہر میں ٹیلنٹ کو برقرار رکھنے میں مدد دے گی۔”
اس سرمایہ کاری کے تحت دیگر تنظیموں کو بھی فنڈنگ فراہم کی گئی ہے۔ نیشنل کیپیٹل ریجن کی وائی ایم سی اے کو تقریباً 10 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے تاکہ بے روزگار اور کم روزگار والے افراد کو گرین کنسٹرکشن اور ہوم رینوویشن میں تربیت دی جا سکے۔ جان ہاورڈ سوسائٹی آف اوٹاوا کو ڈیڑھ لاکھ ڈالر سے زیادہ فراہم کیے جائیں گے تاکہ محروم طبقے کے افراد کو تربیت، سرٹیفکیشن اور ہنر مند پیشوں میں ملازمت کے مواقع دیے جا سکیں۔

