اوٹاوا:پاکستان ہائی کمشنر محمد سلیم کا یومِ تشکرپر قومی یکجہتی اور قربانیوں کو خراجِ تحسین

اوٹاوا(اشرف خان لودھی)ہائی کمیشن پاکستان اوٹاوا نے آج’’یومِ تشکر‘‘کی تقریب کا اہتمام کیا تاکہ پاکستانی قوم اور افواجِ پاکستان کو’’ آپریشن بنیان المرصوص‘‘ اور’’معرکۂ حق‘‘ کے دوران ان کی مثالی قومی یکجہتی اور جرأت کو خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے۔تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے اراکین، ہائی کمیشن کے افسران اور پاکستان کے دوستوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر اُن شہداء کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔پاکستان ہائی کمشنر محمد سلیم نے یوم تشکرکے موقع پراپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ پوری قوم کے عزم، پاکستان کی قیادت کے فہم و فراست، اور افواجِ پاکستان کی جرأت کو سراہا۔

ہم آج یوم تشکر کے موقع پر پاکستان کے غیور عوام اور افواج پاکستان کی بہادری اور بےمثال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے’’آپریشن بنیانِ مرصوص‘‘اور معرکہ حق میں مادر وطن پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔پاکستانی قوم اپنے ملک کی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ اور کسی بھی جاریت سے نبٹنے کیلئے ایک سیسہ پلائی دیوار ہے۔میں کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے مادر وطن سے یک جہتی کا اظہار کیا۔میں دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ ہمارے وطن عزیز کو ہمیشہ سلامت رکھے۔

انہوں نے بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے پرامن اور محتاط ردِعمل پر روشنی ڈالی اور اُن دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے کشیدگی کم کرنے میں مثبت کردار ادا کیا۔ہائی کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ جموں و کشمیر کا پائیدار حل اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہی ممکن ہے، اور اس ضمن میں بامعنی مکالمے کی اشد ضرورت ہے۔یہ تقریب اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اپنی قوم کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور وطنِ عزیز کے دفاع کیلئے ہر قربانی کو یاد رکھتے ہیں۔پاکستان زندہ باد!

اپنا تبصرہ لکھیں