اٹلی کا پاکستانی کارکنوں کیلئے 10 ہزار سے زائد ملازمتوں کا اعلان

اسلام آباد(نامہ نگار)اٹلی نے آئندہ تین برسوں کے دوران پاکستانی کارکنوں کو 10 ہزار سے زائد ملازمتیں فراہم کرنے کی پیشکش کر دی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت اٹلی نے پاکستان کے لیے لیبر کوٹہ مختص کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس معاہدے کے تحت مجموعی طور پر 10 ہزار 500 پاکستانی کارکنوں کو مختلف شعبوں میں روزگار دیا جائے گا جن میں شپ بریکنگ، مہمان نوازی، صحت، زراعت، ویلڈنگ، ٹیکنیشنز، باورچی، ویٹرز، ہاؤس کیپنگ، نرسنگ، میڈیکل ٹیکنیشنز اور فارمنگ شامل ہیں۔

معاہدے کے مطابق ہنر مند اور نیم ہنر مند پاکستانی کارکن اٹلی میں سیزنل اور نان سیزنل بنیادوں پر ملازمت حاصل کریں گے، جبکہ ہر سال 3 ہزار 500 پاکستانی کارکن بیرون ملک روزگار کے لیے جائیں گے۔ ان میں سالانہ 1 ہزار 500 افراد سیزنل جبکہ 2 ہزار نان سیزنل کوٹے کے تحت اٹلی جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اٹلی پہلا یورپی ملک ہے جس نے پاکستان کے لیے باقاعدہ طور پر ملازمتوں کا مخصوص کوٹہ مختص کیا ہے، جبکہ پاکستان اور اٹلی کے مشترکہ ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس فروری 2026 میں اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔