ایئر کینیڈا کا فضائی بحران شدت اختیار کرگیا، آپریشنز معطل، لاکھوں مسافر متاثر

اونٹاریو(نمائندہ خصوصی)ایئر کینیڈا اپنی تاریخ کے بدترین فضائی بحران سے دوچار ہے کیونکہ دس ہزار ملازمین کی ہڑتال نے نظامِ پرواز کو مکمل طور پر مفلوج کردیا۔

اس اچانک ہڑتال کے نتیجے میں ہزاروں پروازیں متاثر ہوئیں اور صرف ایک دن میں ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد مسافر مشکلات کا شکار ہوگئے۔ گزشتہ آٹھ ماہ سے ایئر کینیڈا اور کینیڈین یونین آف پبلک ایمپلائز کے درمیان مذاکرات جاری تھے، تاہم کسی نتیجے پر نہ پہنچنے کے بعد یونین نے ہڑتال کا اعلان کیا۔

ذرائع کے مطابق، ہڑتال کے باعث روزانہ تقریباً 700 پروازیں متاثر ہو رہی ہیں جبکہ لگ بھگ 25 ہزار کینیڈین شہری بیرونِ ملک پھنسے ہوئے ہیں۔

یونین رہنماؤں کا کہنا ہے کہ وہ “ناکافی تنخواہوں اور اضافی بلامعاوضہ کام” کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے پیش کردہ چار برسوں میں 38 فیصد اضافے کی تجویز کو ملازمین نے ناکافی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا، خصوصاً پہلے سال کے صرف 8 فیصد اضافے کو موجودہ مہنگائی کے پیشِ نظر ناقابلِ قبول کہا گیا۔

دوسری جانب ایئر کینیڈا انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ وہ ملازمین کو ممکنہ حد تک بہتر مراعات دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ مسافروں کو ری فنڈ کیلئے کمپنی کی ویب سائٹ اور موبائل ایپ پر سہولت فراہم کی گئی ہے جبکہ دیگر ایئر لائنز کے ذریعے متبادل سفر کی بھی کوشش کی جا رہی ہے۔

تاہم، زیادہ رش اور محدود شیڈول کے باعث اس پر فوری عمل درآمد ممکن نہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ بحران طویل ہوا تو اس کے اثرات نہ صرف سیاحت بلکہ کینیڈا کی معیشت پر بھی گہرے مرتب ہوں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں