ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی+اے ایف پی)ایئر کینیڈا کے فضائی میزبانوں کی ہڑتال نے فضائی سفر کو شدید متاثر کر دیا ہے۔ صرف دو دن میں 1300 پروازیں منسوخ ہوئیں، جس کے نتیجے میں یومیہ 1 لاکھ 30 ہزار مسافر سفری افراتفری کا شکار ہوگئے۔
ایئر کینیڈا، جو دنیا بھر کے 180 شہروں کیلئے براہِ راست پروازیں چلاتی ہے نے اپنے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ اگر ان کے پاس ایئر کینیڈا یا اس کی کم قیمت ذیلی کمپنی ایئر کینیڈا رُوج کا ٹکٹ ہے تو وہ فی الحال ہوائی اڈوں کا رخ نہ کریں۔
اس ہڑتال سے براہ راست متاثرہونے والی ایئر کینیڈا اور ایئر کینیڈا رُوج کی پروازیں ہیں اس کے علاوہ ایئر کینیڈا ایکسپریس جوکہ پرائیویٹ سیکٹر کی طرف سے آپریٹ کی جاتی ہے.
ہڑتال ہفتہ کی رات 12:58 بجے (مقامی وقت) شروع ہوئی۔فضائی میزبانوں کی نمائندہ تنظیم کینیڈین یونین آف پبلک ایمپلائز (سی یو پی ای) نے تنخواہوں اور دیگر مراعات پر تعطل کے باعث یہ قدم اٹھایا۔
ایئر کینیڈا نے جوابی کارروائی کے طور پر کیبن عملے کو لاک آؤٹ کر دیا۔جمعہ کی رات تک 623 پروازیں منسوخ ہوئی اور متاثرہ مسافروں کی تعداد ایک لاکھ سے زائدتھی.ہفتہ کو تمام 700 پروازیں منسوخ ہوئیں.مجموعی طور پر 2 دن میں 1300 پروازیں متاثرہوئیں.
ایئر کینیڈا نے کہا ہے کہ وہ سی یو پی ای کے ساتھ اجتماعی معاہدے کی تجدید کیلئے مذاکرات جاری رکھے گی اور مسافروں کو درپیش مشکلات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

