ایران میں احتجاج کے پانچویں دن مزید کشیدگی اور ہلاکتوں کی اطلاعات

ایران( رائٹرز، ڈان نیوز، اے جے پ، ARA، ایکسپریس اردو)ایران میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور اقتصادی بحران کے خلاف جاری احتجاجات پانچویں روز بھی پرتشدد رخ اختیار کر گئے ہیں اور مختلف شہروں میں مزید ہلاکتوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

نیم سرکاری فارس نیوز ایجنسی اور انسانی حقوق تنظیم ہینگاؤ کے مطابق لورِستان اور لردیگان جیسے مغربی شہروں میں مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں، جن کے نتیجے میں کم از کم ۶ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

فارس نیوز ایجنسی نے بتایا کہ بعض مقامات پر مظاہرین نے سرکاری عمارتوں پر حملے کیے اور پولیس کے ساتھ تصادم میں کئی افراد جاں بحق ہوئے، جب کہ انسانی حقوق گروپ ہینگاؤ نے بھی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔

حکام نے کچھ ہلاکتوں میں ایک سیکیورٹی اہلکار کے بھی شامل ہونے کی بات کی ہے، جبکہ دیگر ذرائع کے مطابق مظاہرین بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

حکومت کے ترجمان نے بتایا ہے کہ احتجاجی مظاہروں کے دوران گرفتاریاں بھی ہوئیں اور سیکیورٹی اقدامات جاری ہیں، تاہم ساتھ ہی مذاکرات اور بات چیت کی پیشکش بھی کی گئی ہے۔ یہ احتجاجات بڑھتی ہوئی مہنگائی، کرنسی کی گراوٹ اور معاشی دباؤ کے خلاف شروع ہوئے ہیں، اور ملک کے مختلف حصوں تک پھیل چکے ہیں۔