ایران میں مظاہروں کے دوران ہلاکتیں 500 سے تجاوز کر گئیں:ہرانا

دبئی/یروشلم( رائٹرز)ایران میں حکومت مخالف مظاہروں کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 500 سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ ایران نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مظاہرین کی حمایت میں مداخلت کی تو خطے میں موجود تمام امریکی فوجی اڈے اور اسرائیل اس کے جائز اہداف ہوں گے۔

امریکا میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم ہرانا کے مطابق دو ہفتوں سے جاری بدامنی میں اب تک 490 مظاہرین اور 48 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ 10 ہزار 600 سے زائد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ایران کی جانب سے ہلاکتوں کے بارے میں کوئی سرکاری اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے اور خبر رساں ادارہ آزادانہ طور پر ان اعداد کی تصدیق نہیں کر سکا۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکا کو کسی بھی غلط اندازے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران پر حملہ کیا گیا تو مقبوضہ علاقے یعنی اسرائیل کے ساتھ ساتھ امریکا کے تمام فوجی اڈے اور بحری جہاز ایران کے جائز اہداف ہوں گے۔ قالیباف پاسدارانِ انقلاب کے سابق کمانڈر بھی رہ چکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو منگل کے روز ایران سے متعلق مختلف آپشنز پر بریفنگ دی جائے گی، جن میں ممکنہ فوجی حملے، خفیہ سائبر کارروائیاں، پابندیوں میں توسیع اور حکومت مخالف حلقوں کو آن لائن مدد فراہم کرنا شامل ہے۔

ایران میں یہ مظاہرے 28 دسمبر کو مہنگائی میں شدید اضافے کے خلاف شروع ہوئے تھے جو بعد ازاں مذہبی قیادت کے خاتمے کے مطالبات میں تبدیل ہو گئے۔ ایرانی حکام امریکا اور اسرائیل پر بدامنی پھیلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے پیر کے روز ملک گیر ریلی کا اعلان کر چکے ہیں۔

جمعرات سے ایران میں انٹرنیٹ سروس معطل ہے، تاہم سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں تہران اور دیگر شہروں میں رات کے وقت بڑے احتجاجی مظاہرے، آگ، دھماکوں اور سڑکوں پر ملبہ بکھرا دکھائی دیتا ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق ان ویڈیوز کے مقامات کی تصدیق کر لی گئی ہے۔

اسرائیلی سیکیورٹی مشاورت میں شریک ذرائع کے مطابق امریکا کی ممکنہ مداخلت کے پیش نظر اسرائیل ہائی الرٹ پر ہے۔ اسرائیلی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ طاقت کے ساتھ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ایرانی سرکاری ٹی وی نے مغربی شہروں گاچساران، یاسوج، اصفہان اور کرمانشاہ میں مظاہروں کے دوران مارے جانے والے سیکیورٹی اہلکاروں کے جنازوں کی کوریج نشر کی ہے۔