ایران میں نئی قیادت کی تلاش کا وقت آگیا ہے:ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن(نامہ نگار)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران میں نئی قیادت کی تلاش کا وقت آچکا ہے۔ ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران میں حکومت کے خاتمے کا مطالبہ کرنے والے ملک گیر احتجاج کمزور پڑتے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ ایرانی حکومت کا دعویٰ ہے کہ صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے۔

گزشتہ چند روز کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ ایران میں فوجی مداخلت کی متعدد دھمکیاں دے چکے ہیں، گزشتہ منگل کو انہوں نے ایرانی عوام سے احتجاج جاری رکھنے اور اداروں پر قبضہ کرنے کی اپیل بھی کی تھی اور کہا تھا کہ مدد آ رہی ہے۔ تاہم اگلے ہی دن انہوں نے اچانک مؤقف تبدیل کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اطلاع دی گئی ہے کہ ایران میں ہلاکتیں رک چکی ہیں اور پھانسیاں بھی نہیں دی جا رہیں۔

آج ایرانی سپریم لیڈر نے ایران میں ہونے والی ہلاکتوں اور بدامنی کا ذمہ دار امریکی صدر کو قرار دیا، جس پر ردعمل دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ تہران کے حکمران حکومت چلانے کیلئے جبر اور تشدد پر انحصار کرتے ہیں، جس کی مثال پہلے کبھی نہیں ملتی۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ قیادت کا مطلب احترام ہے، خوف اور موت نہیں، اقتدار برقرار رکھنے کیلئے ہزاروں افراد کو قتل کرنے کے بجائے حکمرانوں کو ملک کو درست طریقے سے چلانے پر توجہ دینی چاہیے۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ناقص قیادت کے باعث ایران دنیا میں رہنے کیلئے بدترین جگہ بن چکا ہے۔