تہران/واشنگٹن/برن (ایرانی میڈیا، رائٹرز، اے ایف پی)ایران نے خطے کے ممالک کو ممکنہ امریکی فالس فلیگ آپریشن سے خبردار کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ امریکا ایسے آپریشن کے لیے ایرانی ساختہ شاہد ڈرونز کی نقل استعمال کرسکتا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق تہران نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا ایران کو بدنام کرنے کے لیے شاہد ڈرونز کی کاپی استعمال کر کے فالس فلیگ کارروائی کرسکتا ہے اور اس حوالے سے علاقائی ممالک کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب سوئٹزرلینڈ نے ایران سے متعلق جاری کشیدگی کے تناظر میں امریکی فوجی پروازوں پر پابندی کا اعلان کر دیا۔
سوئس حکام کے مطابق ایران جنگ سے براہِ راست منسلک امریکی فوجی پروازوں کو ملک کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ مسلح تنازعات میں سوئٹزرلینڈ کی دیرینہ غیر جانبداری کی پالیسی کے تحت کیا گیا ہے۔
ادھر امریکی صدر Donald Trump نے کہا ہے کہ ایران تنازع ختم کرنے کے لیے ڈیل کرنا چاہتا ہے تاہم اب تک ایران کی پیش کردہ شرائط مناسب نہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران ابھی تک امریکا کی شرائط قبول کرنے کے لیے تیار نہیں اور امریکا نے ایران کو فوجی اور معاشی طور پر مکمل شکست دے دی ہے۔

