ایران نے مختصر تعطل کے بعد ملکی ہوائی اڈوں سے پروازیں دوبارہ بحال کردیں

ایران نے اسرائیل پر میزائل حملے کے بعد ایک مختصر تعطل کے بعد ملکی ہوائی اڈوں سے پروازیں دوبارہ بحال کردیں۔خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق ایران کے سرکاری میڈیا نے بتایا ہے کہ حماس رہنماء اسماعیل ہنیہ اور حزب اللہ سربراہ حسن نصر اللہ کی شہادت کا بدلہ لینے کے لئے ایران نے اسرائیل پر 200 میزائل داغے، جو اسرائیل پر دوسرا براہ راست حملہ تھا۔

ایران کی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے ترجمان جعفر یزرلو نے پابندیوں کے خاتمے کا حوالہ دیتے ہوئے پروازیں بحال کرنے کی تصدیق کردی ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ سازگار ماحول میں محفوظ پروازیں یقینی بنانے اور پابندیوں کے خاتمے کے بعد ایئر لائنز کو فلائٹ آپریشن کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

اس سے قبل بھارت کی حکومت نے اپنے شہریوں کو ایران کا غیر ضروری سفر کرنے سے گریز اور سفارتخانے سے رابطے میں رہنے کا مشورہ دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مشرق وسطی میں سکیورٹی کی سنگین صورتحال کے پیش نظر بھارتی حکومت کی جانب سے شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ایران کے غیر ضروری سفر سے گریز کریں

اس کے علاوہ تہران میں رہنے والے ہندوستانیوں کو تہران میں واقع بھارت کے سفارت خانے سے رابطے میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایڈوائزری کے مطابق ہم خطے میں سکیورٹی کی صورتحال میں حالیہ اضافے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ایران کے غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

جو بھارتی شہری ایران میں موجود ہیں، ان سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ محتاط رہیں اور تہران میں ہندوستانی سفارت خانے کے ساتھ رابطے میں رہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں