ایران کا اسرائیل پر جوابی میزائل حملہ: تل ابیب دھماکوں سے گونج اٹھا

تہران/تل ابیب (ارنا، مہر، اے ایف پی، رائٹرز، سی این این) مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی ایک نازک موڑ پر پہنچ گئی ہے جب ایران نے اسرائیل کے حالیہ حملوں کے ردعمل میں ’وعده صادق 3‘ نامی ایک بھرپور فوجی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے درجنوں بیلسٹک میزائل اسرائیل کے مختلف شہروں پر داغ دیئے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق، تل ابیب میں شدید دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں اور دھوئیں کے بادل آسمان پر بلند ہو گئے۔ 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے سات افراد کو معمولی چوٹیں آئیں۔

ایرانی سرکاری نیوز ایجنسی “ارنا” اور “مہر نیوز” نے تصدیق کی ہے کہ یہ حملے اسرائیل کے فوجی اور رہائشی علاقوں پر کیے گئے، جو ایران کے بقول حالیہ اسرائیلی جارحیت کا جواب ہیں۔

رائٹرز کے مطابق ایران نے ایک غیر معمولی فوجی اقدام کے تحت سیکڑوں بیلسٹک میزائل اسرائیل کی طرف داغے ہیں.سی این این نے اسرائیلی فوج کے ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ حملوں کی دوسری لہر بھی ایران سے داغی گئی ہے۔

یروشلم اور تل ابیب میں سائرن بجنے لگے ہیں اور شہریوں کو فوری طور پر محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل ہونے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ اسرائیلی حکام کے مطابق، کئی میزائلوں نے املاک کو نقصان پہنچایا ہے لیکن تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

اسرائیلی ایمرجنسی سروسز کے سربراہ ایلی بن نے کہا کہ “فی الوقت جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، البتہ املاک کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔”ایران کی جانب سے جاری کردہ پیغام میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی صرف آغاز ہے اور اگر اسرائیل نے جارحیت جاری رکھی تو مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

بین الاقوامی برادری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور خطے میں مکمل جنگ کے خطرات بڑھتے جا رہے ہیں۔ اقوامِ متحدہ، یورپی یونین، اور دیگر عالمی اداروں نے دونوں فریقین سے تحمل، سفارت کاری اور فوری جنگ بندی کی اپیل کی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں