ایران کا اسرائیل پر پھر حملہ، 9 اسرائیلی ہلاک، 20 زخمی

مقبوضہ بیت المقدس (عرب میڈیا، اسرائیلی میڈیا، ایرانی سرکاری میڈیا)ایران نے ایک مرتبہ پھر مقبوضہ بیت المقدس کے نواح میں بیت شمش پر حملہ کیا، جس میں 9 اسرائیلی ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق بیت شمش کے علاقے میں اسرائیل کے نیو کلیئر میزائل سمیت حساس تنصیبات ہیں، اور ایرانی میزائل حملے میں ایک عمارت تباہ ہوگئی۔ اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایرانی میزائل نے بیت شمش میں شیلٹر کو براہ راست ہٹ کیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق ملبے تلے سے مزید لاشیں نکالی گئی ہیں، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔ ایرانی میزائل ایک عوامی شیلٹر کے قریب گرا، آس پاس کے گھروں کو بھی شدید نقصان پہنچا، جبکہ 20 سے زائد زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

دوسری جانب ایران نے اسرائیل اور امریکی اڈوں کیخلاف نئے حملوں کا آغاز کیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد بڑے حملے میں خطے کے 27 امریکی اڈے، اسرائیل کے ملٹری ہیڈ کوارٹرز اور تل ابیب میں دفاعی صنعت کا ایک کمپلیکس ایرانی اہداف میں شامل تھے۔

عراقی ریجن اربیل میں امریکی بیس پر حملہ کیا گیا، دبئی کے علاقے مرینا اور اسپورٹس سٹی میں دھماکوں کی گونج سنی گئی، 10 سے زائد میزائل دبئی کی فضا میں ناکارہ بنائے گئے، ڈرون کا ملبہ گرنے سے 2 افراد زخمی ہوئے، اور قطر کے دارالحکومت دوحہ میں 11 دھماکے سنے گئے۔