ایران کا دعویٰ: کویت، بحرین اور یو اے ای میں 20 امریکی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا

تہران (ایرانی میڈیا، پاسداران انقلاب) ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے کویت، بحرین اور متحدہ عرب امارات میں تقریباً 20 امریکی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا اور انہیں نقصان پہنچایا۔ایرانی حکام کے مطابق یہ کارروائیاں امریکا اور اسرائیل کے ایران پر کیے گئے فضائی حملوں کے جواب میں کی گئیں۔ ان کارروائیوں میں میزائل اور ڈرونز استعمال کیے گئے، جن کا ہدف خطے میں امریکی فوجی تنصیبات اور مواصلاتی نظام تھے۔

اس سے قبل ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے کہا تھا کہ خلیج فارس کے شمالی حصے میں ایک امریکی آئل ٹینکر کو میزائل سے نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ایران پہلے ہی خبردار کر چکا تھا کہ جنگی حالات میں عالمی قوانین کے مطابق آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے حقوق اسلامی جمہوریہ ایران کے کنٹرول میں ہوں گے۔پاسداران انقلاب نے کہا کہ امریکا، اسرائیل، یورپی ممالک اور ان کے حامیوں کے فوجی و تجارتی جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اگر کوئی ایسا جہاز دیکھا گیا تو اسے یقینی طور پر نشانہ بنایا جائے گا۔