استنبول/تل ابیب(الجزیرہ، فارس نیوز، اسرائیلی میڈیا)استنبول میں اسلامی کانفرنس تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ اجلاس سے خطاب میں ترک صدر رجب طیب اردوان نے اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کو ہٹلر قرار دے دیا اور کہا کہ نیتن یاہو ہٹلر پورے خطے کو تباہی میں دھکیلنا چاہتا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا اور امریکا و ایران کے جوہری مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی۔ ترک صدر نے خبردار کیا کہ اسرائیل اس جنگ کو پورے خطے میں پھیلانا چاہتا ہے۔
ادھر اسرائیل پر ایران نے نئے حملے کیے ہیں۔ پاسدارانِ انقلاب اسلامی (IRGC) کے مطابق حملوں میں بین گورین ایئرپورٹ، ایک ایٹمی ری ایکٹر، اور صہیونی فوج کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سمیت کئی اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ شمالی اسرائیل کے علاقے بیت شیہان میں ایرانی میزائل حملوں کے نتیجے میں رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ حیفا پر ایرانی میزائل حملے میں زخمیوں کی تعداد 45 ہو گئی ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق حیفا میں کئی عمارتیں، تجارتی مراکز اور گاڑیاں بھی متاثر ہوئی ہیں۔

